ایم کیو ایم کے رہنما کرنل (ر)طاہر مشہدی قابل اعتراض تقریر سننے کے مقدمے سے بری

پولیس کی جانب سے سہولت کاری کے الزام میں حیدر عباس رضوی کو مقدمے میں مفرور ظاہر کیا گیا

جمعہ 4 دسمبر 2015 16:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما کرنل (ر)طاہر حسین مشہدی کو پولیس رپورٹ کی بنیاد پر بری کردیاہے جبکہ قابل اعتراض تقریر پر سہولت کاری کے الزام میں حیدر عباس رضوی کو مقدمے میں مفرور ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں شر انگیز تقریر میں سہولت کار بننے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، دوران سماعت پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی کہ ملزم کرنل رطاہر حسین مشہدی کے خلاف خاطر خواہ شواہد جمع نہ ہو سکے، جس پر عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما کرنل رطاہر حسین مشہدی کو پولیس رپورٹ کی بنیاد پر بری کردیا، استغاثہ کے مطابق طاہر مشہدی پر قابل اعتراض تقریر کے حوالے سے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا الزام تھا، طاہر مشہدی کی جانب سے اس مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مقدمہ سیاسی رنجش کی بنیاد پر بنایا گیا، کسی بھی سیاسی لیڈر کی تقریر سننا کوئی جرم نہیں ہے، واضح رہے کہ استغاثہ کی جانب سے قابل اعتراض تقریر پر الطاف حسین اور سہولت کاری کے الزام میں حیدر عباس رضوی کو مقدمے میں مفرور ظاہر کیا گیا ہے۔