Live Updates

عوام بلا خوف و خطر جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیں،حافظ نعیم الرحمن

جمعہ 4 دسمبر 2015 16:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر اورنارتھ ناظم آباد سے یونین کونسل18کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تیس سال بعد کراچی کے عوام کو موقع مل رہا ہے کہ وہ بھتہ خوری،دہشت گردی ،ٹارگٹ کلنگ اور بد امنی سے چھٹکاراحاصل کریں،کراچی کے باشعور عوام 5دسمبر کو گھروں سے نکلیں اور بلا خوف و خطر جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدواروں کو ووٹ دیں۔

عوام گھروں سے نکلیں گے تب ہی حالات تبدیل ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں منعقدہ ایک بڑی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ریلی سے تحریکِ انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی عارف علوی ،عمران اسماعیل نے بھی خطاب کیا۔ریلی میں مرد و خواتین،بزرگ اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے یوسی 18کے گلی محلوں میں گشت کیا بعد ازاں سخی حسن پہنچ کر ریلی کا اختتام ہوا۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوے مزید کہا کہ پورا کراچی نہ حیدر آباد ہے اور نہ این اے 246ہے۔5دسمبر کو کراچی کے حالات بدلیں گے،30سال بعد کراچی کے عوام کو موقع مل رہا ہے کہ وہ بھتہ خوری،دہشت گردی،ٹارگٹ کلنگ اور بد امنی سے چھٹکارہ حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ میرا کراچی کے باشعور عوام،نوجوانوں،بزرگوں ،خواتین کو یہ پیغام ہے کہ وہ 5دسمبر کو انتخابات والے دن صبح گھروں سے نکلیں اور بلا خوف و خطر جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے جو مشترکہ امیدوار کھڑے کیے ہیں انہیں ووٹ دیں۔

عوام گھروں سے نکلیں گے تب ہی حالات تبدیل ہوں گے اور حالات کی تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ آرمی پولیس پر حملہ شہر میں خوف و ہراس پھیلانے کی سازش تھی،مگر آج چہلم والے دن قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھ کر ثابت کر دیا کہ خوف کا ماحول پیدا کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو اپنا کہنے والوں ہی نے کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کیا ہے،کراچی تعمیر و ترقی کے سفر میں آج اگر پیچھے ہے تو انہی عناصر کی وجہ سے ہے جو کراچی پر اپنا حق ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،مگر کراچی کے عوام دہشت گردوں کو پہچان چکے ہیں اور پانچ دسمبر کو وہ اپنے ووٹ کے طاقت سے کراچی کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔

عارف علوی نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے،یہ ملک کو 70فیصدریونیو دیتا ہے مگر آج کراچی جن مسائل و مشکلات سے دوچار ہے اس سے کراچی کے عوام اچھی طرح آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی مل کر شہر کی تعمیر و ترقی کے سفر کا آغاز کرے گی۔شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنایا جائے گا۔ہم عوام کے تعاون اور اعتماد سے کراچی کو ایک ماڈل سٹی بنائیں گے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا اتحاد فطری اتحاد ہے،ہمارے اتحاد سے کراچی میں تعمیر و ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا،عوام5دسمبر کو نئی تاریخ رقم کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات