پاکستان سپر لیگ کو پی سی بی سے علیحدہ کرنے کا منصوبہ زیر غور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 دسمبر 2015 17:00

پاکستان سپر لیگ کو پی سی بی سے علیحدہ کرنے کا منصوبہ زیر غور

لاہور(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار4دسمبر- 2015ء) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) کو پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) سے علیحدہ کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے ، اس منصوبے کے روح رواں سابق چیئر مین پی س بی نجم سیٹھی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سابق پی سی بی چیئر مین ، ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ اور پی ایس ایل گورننگ کونسل کے چیئر مین نجم سیٹھی نے ایک بار پھر ”بااختیار “ چیئر مین بننے کے خواب دیکھنا شروع کر دیئے ہیں اور اس مقصد کے لیے وہ پاکستان سپر لیگ کو پاکستا ن کرکٹ بورڈ سے علیحدہ کر کے اس کا چیئر مین بننا چاہتے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق اگلے سال متحدہ عرب امارات میں شیڈول پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کی صورت میں اسے پاکستان کرکٹ بورڈ سے علیحدہ کرکے اس کا ایک الگ سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا اور پی ایس ایل کی پانچوں فرنچائز کے ڈائریکٹرز سمیت تما م عملے کو وہاں منتقل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد پی ایس ایل کومکمل مالی و انتظامی خودمختاری حاصل ہوگی اور وہ مکمل طور پر نجم سیٹھی کے رحم و کرم پر ہوگا کیوں کہ انہوں نے اس پراجیکٹ میں صرف من پسند افراد کی تعیناتی کی ہوئی ہے ۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اب تک پاکستان سپر لیگ پر لاکھوں ڈالرز خرچہ کر چکا ہے اور ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل ہی مزید لاکھوں ڈالرز کا خرچہ بورڈ حکام کی آنکھوں کے سامنے گھوم رہا ہے ۔