پانچ دسمبر کراچی کے عوام کیلئے خوشخبری نہیں لانے والا :حلیم عادل شیخ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 4 دسمبر 2015 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔04 دسمبر۔2015ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی کی عوام کے دلوں سے ابھی خوف نکلا نہیں ہے اس لیے 5دسمبر کا دن کسی خوشگوار تبدیلی کو لیکر نہیں آنے والا،عدلیہ اور فوج کی نگرانی کے بغیر شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کا ہونا ممکن نہیں ہے، کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں ڈپٹی کمشنر، پریزائڈنگ افسران، آراوزاور دیگر الیکشن کمیشن کے افسران کی موجود گی میں رزلٹ اقتدار والوں کا من پسندہوگا۔

اس لیے نچلی سطح پر اقتدار کی منتقلی کے خوابوں کی تعبیر ابھی بہت دور ہے ،پانچ دسمبر کا سورج غروب ہوتے ہی ہر کوئی دھاندلی کا رونا رورہاہوگا ،کراچی کی عوام ابھی خوف سے اس قدرآزادنہیں ہوئی ہے کہ وہ اپنا حق رائے دہی بغیر کسی خوف کے استعمال کرسکیں۔

(جاری ہے)

پچھلے دونوں مراحل میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے طرز کے نتائج سامنے آچکے ہیں، کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں مینڈیٹ حکومت اور سرکاری افسران کی جوڑ توڑ کا نچوڑ ہوگا،شہر میں غیر نظریاتی اور غیر فطری اتحاد موجود ہیں یہ لوگ الگ الگ بھی جیت سکتے ہیں مگرکراچی میں پھیلی خوف کی فضاء انہیں اکیلے جیت دلانے میں ناکام ہے بلدیاتی انتخابات میں انتظامیہ کا غیر جانبدا ر ہونا بھی ضروری ہے ،گزشتہ دہائیوں سے خوف کی سیاست نے کراچی کی عوام کے دلوں سے اپنے حقیقی ووٹ کا صحیح استعمال روک رکھاہے کراچی کی عوام عدم تحفظ اور کسی بھی غیریقینی صورتحال کے ڈر سے سہمے ہوئے ہیں ،موجودہ بلدیاتی انتخابات سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا،اور نہ ہی بلدیاتی الیکشن سے عوام کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی متوقع ہے ،برسوں سے مسائل کا شکار عوام حکومت کی نئی چالاکیوں کے بھنور میں پھنسنے والے ہیں،مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں شفاف انتخابات کرانے میں ناکام ہوچکی ہے کراچی میں شفاف انتخابات اور عوام کے پسندیدہ لوگوں کا انتخاب کرنا کس طرح آسان ہوسکتا ہے ،حکومت نے شروع دن سے ہی بلدیاتی انتخابات کرانے سے گریز کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے انتخابی عمل کو پرامن اور منصفانہ بنانے کے لیے فوج اورآزادعدلیہ کی نگرانی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :