کراچی بلدیاتی الیکشن کے موقع پر 35000سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دینگے

جمعہ 4 دسمبر 2015 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے کے لئے پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس ، حساس اور نارمل درجہ بندیوں میں تقسیم کرکے سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ الیکشن ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنانا ، رائے دہندگان ، امیدواران اور دیگر شہریوں کا تحفظ اور املاک کی حفاظت پولیس کی تمام تر ترجیحات کا حصہ ہیں۔

یہ بات آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے قائم کردہ پولنگ اسٹیشنوں اور پولنگ کے موقع پر شہر کے تمام اضلاع میں پولیس ڈپلائمنٹ پر مشتمل تفصیلات میں بتائی گئی ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے تمام تر اقدامات کو غیر معمولی بنایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں ضلعی ایس ایس پیز ، ڈویژنل ایس پیز ، ایس ڈی پی اوز سمیت تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو انتہائی الرٹ رہتے ہوئے پولنگ کے عمل ، بیلٹ باکسز کی نگرانی سمیت شہر بھر میں سیکورٹی اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ ،موئثر اسنیپ چیکنگ ، پیٹرولنگ اور علاقوں میں موجودگی کے لئے بھی پابند کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ایس ایس یو اور آر آر ایف کے پولیس کمانڈوز کے علاوہ دیگر پولیس رینجز اور یونٹس کے پولیس افسران اور جوانوں سمیت مجموعی طور پر35000 سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو مختلف پولنگ اسٹیشنوں سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فرائض پر تعینات کیا جارہا ہے ۔آئی جی سندھ نے رپورٹ اور پولیس سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ پولنگ کے عمل کے اختتام پر تمام ضلعوں کے پولیس افسران بیلٹ باکسز کی ضلعی الیکشن کمیشن کے دفاتر میں باحفاظت منتقلی کے حوالے سے نا صرف ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں گے بلکہ منتقلی کے روٹس پر الرٹ پیٹرولنگ اور پکٹنگ کے عمل کو بھی اپنی نگرانی میں ممکن بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام تھانہ جات روٹین گشت ، اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ سمیت جرائم کے خلاف ٹارگیٹڈ کاروائیوں کا سلسلہ نا صرف جاری رکھیں گے بلکہ الیکشن سے قبل اور الیکشن کے دوران بالخصوص حساس اور جرائم سے متاثرہ علاقوں میں مزکورہ اقدامات کو مذید تیز اور نتیجہ خیز بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پر امن، شفاف اور غیر جانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز ، علمائے کرام ، سماجی کارکنان اور علاقہ معززین کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ الیکشن کے بعد کی صورتحال میں بھی امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے ۔