سزا یافتہ کھلاڑی کھلانے پر ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ سپینش کپ سے معطل

ہفتہ 5 دسمبر 2015 15:38

سزا یافتہ کھلاڑی کھلانے پر ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ سپینش کپ سے ..

میڈرڈ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار5دسمبر- 2015ء) مشہور زمانہ ہسپانوی فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کو سزایافتہ کھلاڑی میدان پر اتارنے کے پاداش میں جرمانے کے ساتھ ساتھ سپینش کپ یا کوپا ڈیل رے کے مقابلوں سے باہر کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریال میڈرڈ نے ایونٹ کے چوتھے مرحلے کے میچ میں کیڈیز کے خلاف معطل روسی کھلاڑی ڈینس چیریشوف کو بطور متبادل میدان میں اتارا جہاں انہوں نے ٹیم کے لیے پہلا گول بھی کر ڈالا جس کے بعد سپینش فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ریال میڈرڈ کو معطل کھلاڑی کو میچ کھلانے پر 6 ہزار یورو جرمانے کے ساتھ کوپا ڈیل رے کپ سے باہر کردیا گیا ہے ۔

روسی کھلاڑی ڈینس چیریشوف کو ریال میڈرڈ آنے سے قبل ولاریال سے کھیلتے ہوئے تین یلو کارڈ ملنے پر معطل کیا گیا تھا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریال میڈرڈ نے سزا کی تصدیق کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔