عمران فاروق قتل مقدمہ الطاف حسین پر درج

ہفتہ 5 دسمبر 2015 16:29

عمران فاروق قتل مقدمہ الطاف حسین پر درج

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر2015ء) حکومت پاکستان نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے لندن میں قتل ہونے والے رہنما عمران فاروق کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا جس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے. ڈان نیوز کے مطابق فیڈل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انعام غنی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا. مقدمے میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں محمد انور، افتخار حسین، معظم علی خان، خالد شمیم، کاشف خان، کامران اور سید محسن علی کو بھی نامزد کیا گیا. مقدمے میں ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی سازش اور قاتلوں کومدد فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں. ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمے میں دفعہ 34، 109، 120بی،302اور 7 اے ٹی اے شامل کیے گئے ہیں. عمران فاروق کے قتل کے حوالے سے مقدمہ درج کرنے پر ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کی ٹائمنگ دیکھنا بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد مقبول نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کا ووٹر انتہائی باشعور ہے اس مقدمے کا انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ خیال رہے کہ ایف آئی اے نے یہ مقدمہ اس روز درج کیا جب کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے تھے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 4 روز قبل اعلان کیا تھا کہ ڈاکٹر عمران پاکستانی تھے لہذا حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس کیس کی تحقیقات کرے۔