لانڈھی میں کشیدگی ،سیکرٹری الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی،کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کی ہدایات

ہفتہ 5 دسمبر 2015 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 دسمبر۔2015ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر لانڈھی میں کشیدگی کی صورتحال پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ سے سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ہفتہ کو بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے موقع پر کراچی کے علاقے لانڈھی میں متحدہ قومی موومنٹ اور ایم کیو ایم (حقیقی)کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان کشیدگی تصاویر پھاڑنے پر ہوئی ہے ، صورتحال کے پیش نظر رینجرز کی نفری طلب کر لی گئی جبکہ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر تنویر ذکی نے کہا کہ حالات کشیدہ ہونے پر فوری طور پر رینجرز کو طلب کرلیا گیا تھا جس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا ہے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے صوبائی الیکشن کمیشن تنویر ذکی سے صورتحال کی رپورٹ طلب کی جبکہ آئی جی سندھ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے واقعے کی فوری تحقیقات کرانے اور کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کی بھی ہدایت کی