محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کی ایمانداری سے کھیلنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی ہے ٗ رمیز راجہ

ملک کو بدنام کرنے والوں کو پاکستانی ٹیم سے دور رکھنا چاہیے ٗسابق کپتان کا انٹرویو

ہفتہ 5 دسمبر 2015 18:45

محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کی ایمانداری سے کھیلنے والے کھلاڑیوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 دسمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے سفیر رمیز راجہ نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ایمانداری سے کھیلنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی قراردیا۔ایک انٹرویو میں رمیزراجہ نے کہاکہ محمدعامر نے ملک کو بدنام کیا اس لئے وہ عامر کو معاف نہیں کرسکتے ٗملک کو بدنام کرنے والوں کو پاکستانی ٹیم سے دور رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اگر وہ حکومت میں ہوتے تومحمد عامر کو کبھی بھی ٹیم میں واپس آنے نہیں دیتا۔محمد عامر پر 2010 میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اقرار کرنے کے بعد 5 سال کیلئے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی ٗ سزا مکمل کرنے کے بعد عامر کو رواں سال جنوری میں کرکٹ واپسی کی اجازت دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

محمد عامر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے بعد قائداعظم ٹرافی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ٗ بنگلہ دیش پریمئر لیگ(بی پی ایل) میں چٹاگانگ وائکنگز کی جانب سے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے مصباح الحق اور شاہد آفریدی جیسے تجربہ کار بلے بازوں کی وکٹیں اڑا کر بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی راہ ہموار کی تاہم رمیز راجہ نے عامر کو ٹیم میں جگہ دینے کی بھر پور مخالفت کردی انھوں نے پی سی بی کی جانب سے محمدعامر کیخلاف بیان دینے پرمحمدحفیظ کو شوکاز نوٹس دینے پر برہمی کا اظہارکیا۔

حفیظ کو شوکاز دینے کے بجائے انھیں سچ کہنے پرسراہنا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں رمیزراجہ نے کہا کہ محمدعامر کو ٹیم میں شامل کرنا ان کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی ہوگی جو ایمانداری سے محنت کرکے قومی ٹیم میں منتخب ہونے کا انتظار کررہے ہیں ٗواضح رہے پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کی حمایت کرتے ہوئے انھیں دوسرا موقع دینے کی بات کی تھی۔

متعلقہ عنوان :