بیماری میں خیال رکھنے والی عورت سے ملنے کےلیے ایک کتیا200 دور جا پہنچی

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 5 دسمبر 2015 23:27

بیماری میں خیال رکھنے والی عورت سے ملنے کےلیے ایک  کتیا200 دور جا پہنچی

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5دسمبر۔2015ء)روس کی ایک کتیا بیماری کے دوران اپنا خیال رکھنے والی عورت سے ملنے 200 میل دور پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی روس کےعلاقے روسٹو اوبلاسٹ میں شاوی نام کی ایک آوارہ کتیا کو ایک گاڑی نے ٹکر دے ماری اور اسے مرتا چھوڑ گئی۔ کچھ دیر بعد یہاں سے دو راہگیروں کا گذر ہوا تو انہوں نے سردی میں کپکپاتی اس کتیاکو دیکھا جس کی ٹانگیں ایک گاڑی والا توڑ گیا تھا۔

دونوں نے اسے جانوروں کے ہسپتال پہنچایا اور انٹرنیٹ پر ایک اپیل پوسٹ کی، جس میں کسی شخص کو اس کتیا کا خیال رکھنے کا کہا گیا تھا۔ اس اپیل کے جواب میں صر ف26 سالہ نینا بارانوسکایا نے کچھ عرصے کے لیے اس کتیا کو رکھنے کی حامی بھری۔ جیسے ہی شاوی کا آپریشن ختم ہوا، وہ اسے اپنے چھوٹے سے فلیٹ میں لے آئی جہاں وہ اپنی بیٹی اور چند دوسرے پالتو جانوروں کےساتھ رہتی تھی۔

(جاری ہے)

اس نے شاوی کا خیال رکھا، اسے چلنا سکھایا اور بہت سے چھوٹے موٹے کام کرنے کا طریقہ سکھایا۔نینا شاوی کا اس لیے بھی زیادہ خیال رکھ رہی تھی کہ وہ گاڑی سےٹکرانے کے صدمے سے نکل آئے، کیونکہ ابھی بھی شاوی کسی بھی گاڑی کو دیکھ کر دور بھاگ جاتی تھی۔نینا اپنے چھوٹے گھر اور گھروالوں کی وجہ سے شاوی کو لمبے عرصے کے لیے اپنے پاس نہیں رکھ سکتی تھی، اس لیے اس نے شاوی کو 185 میل دور اپنے دوست کے پاس چھوڑ دیا۔

کچھ دن بھی ہی دوست کی کال آ گئی کہ شاوی گھر سے چلی گئی ہے۔دو ہفتوں بعد بھی اس کی کوئی خیر خبر نہ ملی تو نینا اس کے بارے میں اور زیادہ پریشان ہوگئی لیکن ایک دن بازار میں چلتے ہوئے کسی نے اس کی ٹانگ پر منہ رگڑا تو پتہ چلا کہ شاوی واپس اس کے پاس آ گئی ہے۔ یہ دیکھ کر نینا پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ اس نے فیصلہ کیا ہے کہ شاوی کو خود سے جدا نہیں کرے گی، بلکہ اب ایک بڑا گھر دیکھے گی، جہاں وہ سب آسانی سے رہ سکیں۔