پولیس افسر چور کی مدد کر کے بھی ہیرو بن گیا

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 5 دسمبر 2015 23:31

پولیس افسر چور کی مدد کر کے بھی ہیرو بن گیا

پورٹس ماؤتھ، نیو ہمپشائر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5دسمبر۔2015ء) نیوہمپشائر سے تعلق رکھنے والے پولیس افسر کو سٹور کی طرف سے کال ملی کہ ان کے سٹور سے کچھ سامان چوری ہو گیا ہے۔ پولیس افسر نے سٹور پر چور کے چرائے ہوئے سامان کی قیمت ادا کی اور ہیرو بن گیا۔ پورٹس ماؤتھ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ آفیسر مائیکل کوٹسونیس اٹھائی گیرے کی رپورٹ پاکر اوشن سٹیٹ جاب لوٹس سٹور گیا، جہاں پر ملازمین نے اسے بتایا کہ ایک عورت نے ان کے سٹور سے کچھ سامان چرایا ہے۔

کوٹسونیس نے اس عورت کی شناخت کی اور اس کے گھر پہنچ گیا۔اس عورت کے گھر جا کر اسے پتہ چلا کہ اس نے یہ سارا سامان اپنی بیٹی کی سالگرہ کاکیک بنانے کے لیے چرایا ہے، کیونکہ اس کی استطاعت کیک خریدنے کی نہیں تھی۔

(جاری ہے)

پولیس افسر کو عورت کے گھر سے چرائی گئی تمام اشیاء بھی مل گئی۔ اس نے تمام اشیاء لیں اور واپس سٹور پر آ کر کہا کہ ان کا بل بنادو، میں یہ اشیاء دوبارہ اس عورت کو دینا چاہتا ہوں تاکہ وہ اپنی بیٹی کی سالگرہ کا کیک بنا سکے۔

کوٹسونیس نے سٹور کے سٹاف کو بتایا کہ چور کی سزا چور کو ملنی چاہیے ، اس کا خمیازہ اس کی بیٹی کو نہیں بھگتنا چاہیے۔پولیس افسر کے مطابق اگر یہ سامان واپس نہ گیا تو عورت کی بیٹی سے ایک بڑی خوشی چھن جائے گی۔ کوٹسونیس کے اس اقدام سے سٹورانتظامیہ اور پولیس کے دیگر افسران بہت متاثرہوئے اور اس واقعے کو بڑے فخریہ انداز میں فیس بک اور مقامی ٹی وی چینلز میں بیان کر رہے ہیں۔