قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھی محمد عامر کی واپسی کیلئے گرین سگنل دے دیا

کپتان نے سلیکشن کمیٹی پر واضح کر دیا کہ پیسر کو اگر سکواڈ میں لیا جاتا ہے تو انھیں کوئی اعتراض نہ ہو گا،پی سی بی ذرائع

اتوار 6 دسمبر 2015 13:25

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھی محمد عامر کی واپسی کیلئے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 دسمبر۔2015ء) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھی محمد عامر کی واپسی کیلئے گرین سگنل دے دیا، سلیکشن کمیٹی پر واضح کر دیا کہ پیسر کو اگر اسکواڈ میں لیا جاتا ہے تو انھیں کوئی اعتراض نہ ہو گا، اس حوالے سے کوچ وقار یونس اور چیف سلیکٹر ہارون رشید نے بھی کپتان سے مشاورت کی ہے۔پاکستان آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں محمد عامر کو اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے، وہ اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں سزا مکمل کرچکے اور اب واپسی کے اہل ہیں، گذشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی شہریارخان،کوچ وقار یونس اور چیف سلیکٹر ہارون رشید نے بھی نوجوان پیسر کی ٹیم میں واپسی کا عندیہ دے دیا تھا، البتہ شہریار کو یہ خدشہ ہے کہ اس ضمن میں کہیں سینئر کھلاڑی مخالفت نہ کریں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حال ہی میں ایک اعلیٰ بورڈ آفیشل نے پریمیئر لیگ کیلئے بنگلہ دیش میں موجود قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی سے فون پر گفتگو کی، انھیں بتایا گیا کہ بورڈ عامر کو ٹیم میں واپس لینا چاہتا ہے، آل راوٴنڈر نے واضح کر دیا کہ انھیں اس پر کوئی اعتراض نہ ہو گا، عامر اب سدھر چکا اور بی پی ایل کے دوران بھی اچھے رویے کا مظاہرہ کر رہا ہے، جس وقت لندن میں اسپاٹ فکسنگ کیس ہوا تب پیسر نے چند روز بعد ہی آفریدی سے ملاقات میں اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے پشیمانی کا اظہار کیا تھا۔ذرائع کے مطابق دونوں کر کٹرز کی بنگلہ دیش میں کئی ملاقاتیں بھی ہوئیں اور آفریدی ان کے رویے اور فارم سے مکمل مطمئن ہیں۔