اسلام آباد : پاک بھارت مذاکرات میں ڈیڈ لاک کافی حد تک دور ہو چکا ہے ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 7 دسمبر 2015 11:29

اسلام آباد : پاک بھارت مذاکرات میں ڈیڈ لاک کافی حد تک دور ہو چکا ہے ، ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 07 دسمبر 2015 ء) :”ترقی میں کمیونٹی کا کردار“ پر کانفرنس سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے خطاب کیا، خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی ملک کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ کمیونٹی کی شمولیت سے پاکستان اپنے ترقی کے اہداف حاصل کر لے گا ، انہوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام 55لاکھ افراد کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے ، پاکستان قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے منظم اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی کو متحرک کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان صدر 9 دسمبر کوپاکستان آرہے ہیں، سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج آئندہ کل پاکستان آرہی ہیں۔

(جاری ہے)

سشما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے علاوہ سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کریں گی. سشما سوراج وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات بھی کریں گی جبکہ ان سے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کے لیے بات کی جائےگی. سرتاج عزیز نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات میں ڈیڈ لاک کسی حد تک دور ہو گیا ہے . ان کا کہنا تھا کرکٹ سیریز کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ جامع مذاکرات کب شروع ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے کانفرنس میں سشما سوراج کی شرکت پر بھی بات کی تھی.