دسمبر میں پہلی مرتبہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی شروع

پیر 7 دسمبر 2015 13:37

دسمبر میں پہلی مرتبہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء ) دسمبر میں پہلی مرتبہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی شروع کردی گئی ،ڈیڑھ ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ فروخت شروع ہونے پر قیمت میں بھی 2روپے 10پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق سوئی نادرن گیس پائپ لائنز نے ایل این جی کی فراہمی بہتر ہونے کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو ڈیڑھ ماہ کی بندش کے بعد گیس کی فراہمی شروع کر دی ۔

گزشتہ روز اچانک گیس اسٹیشنز کھلنے سے صارفین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ ایس این جی پی ایل کے مطابق جب تک ایل این جی فراہم کی جاتی رہے گی اس وقت تک سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی تاہم اس حوالے سے اب تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ گیس کی بحالی کا عمل کب تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف قیمتوں میں بھی 2روپے 10پیسے اضافہ دیکھا گیا ہے اور گیس کی فروخت 58روپے 90پیسے فی لیٹر کی بجائے 61روپے پر ہو رہی ہے ۔

اس سلسلہ میں جب سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبد اللہ پراچہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت 100روپے سے 107روپے تک پہنچ گئی ہے اور اس مناسبت سے قیمت میں اضافہ ہونا چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں پہلی مرتبہ گیس فراہم کی گئی ہے اور ہمیں ابھی تک یہ نہیں بتایاگیا کہ یہ کب تک فراہم کی جائے گی ۔