پاک فوج کے ساتھ مل کرمشترکہ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے مراکز کو تباہ کیا گیا،پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گا، دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی سے پاکستان کا اقوام عالم میں وقار بلند ہوا ہے، اندرونی و بیرونی خطرات کے باوجود پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، پاک فضائیہ کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں، پوری دنیا قیام امن کیلئے ہماری کوششوں کی معترف ہے، پاک فضائیہ کا ماضی شاندار اور مستقبل تابناک ہے

وزیراعظم نواز شریف کاسونمیانی فائرنگ رینج میں پاک فضائیہ کی تقریب سے خطاب

پیر 7 دسمبر 2015 14:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی07دسمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاک آرمی کے ساتھ مل کرمشترکہ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے مراکز کو تباہ کیا گیا،پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گا، دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی سے پاکستان کا اقوام عالم میں وقار بلند ہوا ہے، اندرونی و بیرونی خطرات کے باوجود پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، پاک فضائیہ کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں، پوری دنیا قیام امن کیلئے ہماری کوششوں کی معترف ہے، پاک فضائیہ کا ماضی شاندار اور مستقبل تابناک ہے۔

وہ پیر کوسونمیانی فائرنگ رینج میں پاک فضائیہ کی مشقوں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔مشقوں میں شرکت کیلئے پہنچنے پر پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب میں فضائی حادثے میں شہید ہونے والی پاک فضائیہ کی خاتون پائلٹ مریم مختیار کے والدین بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نواز شریف کو فائر پاور مشقوں کے حوالے سے تفصیلات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فائر پاور پاک فضائیہ کیلئے تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی مشقوں کا معائنہ کیا، پاک فضائیہ کے طیاروں نے مشقوں میں اہداف کو نشانہ بنانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا ، لڑاکا طیاروں ایف 16،جے ایف 17تھنڈر نے ہدف کو نشانہ بنانے کا شاندار مظاہرہ کیا۔مشقوں میں معراج ،ایف سیون، پی جی اور ایواکس طیاروں نے بھی حصہ لیا۔