وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات ،صوبے کی مجموعی صورتحال ،پرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد ،کراچی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی

وفاقی ادارے کسی بھی کارروائی سے قبل سندھ حکومت کو اعتماد میں نہیں لیتے ،وزیراعظم ورت حال کا نوٹس لیں،سید قائم علی شا ہ کا شکوہ

پیر 7 دسمبر 2015 18:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پیر کو گورنرہاؤس ملاقات کی ۔باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو صوبے کی مجموعی صورت حال ،پرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور کراچی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی ۔وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو وفاق کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے معاملے سے بھی آگاہ کیا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے تھرکول منصوبے اور دیگر میگاپروجیکٹس میں وفاق کی عدم دلچسپی سمیت وفاقی اداروں کی سندھ حکومت کے معاملات میں مداخلت پر اپنے تحفظات سے اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے اس شکوہ کا بھی اظہار کیا کہ وفاقی ادارے کسی بھی کارروائی سے قبل سندھ حکومت کو اعتماد میں نہیں لیتے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اس صورت حال کا نوٹس لیں اور تمام اداروں کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ صوبے کی مجاز اتھارٹی کے علم میں تمام معاملات لائیں ۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کے تمام تحفظات اور مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ قانون کے مطابق ان کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کا بتدریج ازالہ کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔وزیراعظم نے میگا پروجیکٹس میں فنڈز کے اجرا کی بھی یقین دہائی کرائی ۔میاں نواز شریف نے پرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر وزیراعلیٰ سندھ کو مبارکباد دی ۔بعد ازاں وزیراعظم سے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ نے مشترکہ ملاقات کی ۔ملاقات میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ وفاقی اور سندھ حکومت مل کر عوام کے مسائل کو حل کریں گے ۔کراچی میں قیام امن کے لیے آپریشن کو جاری رکھا جائے گا ۔