مردان چیمبرکاایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بزنس مین پینل کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

پورا سال کچھ نہ کرنیوالی یو بی جی قیادت بزنس کمیونٹی کومزید بیوقف نہیں بنا سکتی، ایس ایم منیر ایف پی سی سی آئی کے ذریعے بزنس کمیونٹی کا سودا کرکے ذاتی مفادات حاصل کر رہے ہیں،ظاہرشاہ

پیر 7 دسمبر 2015 19:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء)مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات برائے 2016کیلئے بزنس مین پینل کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے ۔یہ اعلان مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظاہر شاہ کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں سابق صدر شاہ جہاں محمد ،سینئر نائب صدر فضل ربی شاہ ،نائب صدر افضل شاہ خٹک ،ارکان محمد سجاد ،حاجی محمد حسین ،حاجی سلطان محمد مہمند اور ظاہر شاہ نے شرکت کی۔

مردان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے عہدیداروں نے بزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان چاولہ، فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہدحسین، سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریاعثمان،ترجمان شیخ منظرعالم سمیت دیگرقائدین کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ سینیٹر حاجی غلام علی کو ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں صدارتی امیدوار نامزد کرناایک احسن اقدام ہے اور ہم امیدکرتے ہیں کہ سینیٹر حاجی غلام علی اپنے پہلے دورصدارت کی طرح اس مرتبہ بھی قومی معیشت کی بہتری اور تیز تر صنعت کاری کیلئے چاروں صوبوں کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کرپالیسیاں مرتب کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک طرف بزنس کمیونٹی مسائل کوسمجھنے والے سنیٹرحاجی غلام علی ہیں تو دوسری جانب یونائیٹڈبزنس گروپ نے ایک ایسے صدر کو نامزد کیا ہے جوکہ بزنس کمیونٹی کا حقیقی نمائندہ نہیں ہے بلکہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل سے بالکل ہی ناواقف ہے۔ سال 2015کے انتخابات میں بھی یوبی جی نے ایک ایسے صدر کو منتخب کرایا جس نے سارا سال اپنی آنکھیں بندرکھیں جس کے نتیجے میں بزنس کمیونٹی کے مسائل میں کئی گنااضافہ ہواہے۔

یو بی جی کی لیڈر شپ سمیت ایف پی سی سی آئی کی ناکامی میں صدر میاں محمد ادریس کا کردارکم جبکہ ٹی ڈاپ کے سی ای او ایس ایم منیر کا کردار زیادہ ہے کیونکہ ایف پی سی سی آئی کے موجودہ صدر کو یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ نے کٹھ پتلی بنا رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایف پی سی سی آئی حکومتی بروکرکا کردار اداکررہی ہے بلکہ حقیقی بزنس مینوں کے لیئے فیڈریشن ہاؤس کے دروازے بھی بندکردیئے گئے ہیں۔

پورا سال کچھ نہ کرنیوالی یو بی جی قیادت بزنس کمیونٹی کومزید بیوقف نہیں بنا سکتی، ایس ایم منیر ایف پی سی سی آئی کے ذریعے بزنس کمیونٹی کا سودا کرکے ذاتی مفادات حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیر کی سربراہی میں ایف پی سی سی آئی میں برسراقتدارگروپ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہاہے جس کی وجہ سے یوبی جی کے مقدر میں شکست لکھی جاچکی ہے ۔

بزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان چاولہ ،فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہدحسین، سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریاعثمان،پنجاب ریجن کے چیئرمین میاں انجم نثار،ترجمان شیخ منظرعالم، ثاقب فیاض مگوں اور دیگر نے مردان چیمبرآف کامرس کی جانب سے سینیٹر حاجی غلام علی کی غیرمشروط حمایت کرنے پران کاشکریہ اداکیااور کہاکہ ہماراماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی پہلے والے جذبے کے تحت بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ہرفورم پراجاگرکرینگے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صدارتی امیدوار سینیٹر حاجی غلام علی نے بزنس کمیونٹی کی آواز پر ہمیشہ لبیک کہا ہے اور آئندہ بھی بزنس کمیونٹی کے ہر مسئلے کے حل کیلئے ہر وقت دستیاب ہونگے ۔