ٹی ٹونٹی سیریز، پاکستان اے نے انگلینڈ لائنز کو سات وکٹوں سے پچھاڑ دیا

پیر 7 دسمبر 2015 21:44

ٹی ٹونٹی سیریز، پاکستان اے نے انگلینڈ لائنز کو سات وکٹوں سے پچھاڑ دیا

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء) پاکستان اے ٹیم نے افتخاراحمد اور بابراعظم کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ لائنز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے مقابلے میں سات وکٹوں سے شکست دے دی۔انگلینڈ لائنز نے پیر کو یہاں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان اے کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔

لائنز کی جانب سے ڈیوڈ میلان نے سب سے زیادہ 51 رنز جبکہ سیم بلنگز 31 اور ریس وائٹلی 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی کپتان جنید خان اور دیگر باؤلرز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا. عامر یامین، رومان رئیس اور بلال آصف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان اے نے مطلوبہ ہدف ایک اوور قبل تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان اے کی ابتدائی تین وکٹیں 25 کے مجموعے پر گرگئیں، جب شاہ زیب حسن 4، فخرزمان 3 اور صہیب مقصود 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم افتخار احمد اور بابراعظم نے 124 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی دلادی۔افتخار احمد نے 66 اور بابراعظم نے 53 رنز بنائے۔سیریز کا دوسرا میچ 10 دسمبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :