بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے مسلم لیگ(ن) کی ماضی کی انتخابی کارکردگی پر مہر تصدیق ثبت کردی، خیبر سے کراچی تک عوام (ن) لیگ کے ساتھ ہیں، مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سیاسی مصلحتوں کے بجائے حب الوطنی کو ترجیح دے گی،علی اکبر گجر

پیر 7 دسمبر 2015 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 دسمبر۔2015ء) بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ماضی کی انتخابی کارکردگی پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے کہ خیبر سے کراچی تک عوام پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہیں․ ملک کو دنیا ترقی یافتہ مملکت بنانے کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) سیاسی مصلحتوں کی بجائے حب الوطنی کو ترجیح دے گی، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ترقی کے ایجنڈے کو کراچی تک لایا جائے گا․ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی تمام قوتیں شہر کے امن و ترقی کیلئے اتفاق و اتحاد کے ساتھ نئے سیاسی سفر کا آغاز کریں گے․ عوام کے فیصلوں کی قوت سے کراچی کو ماضی کی محرومیوں سے نکالنا تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے․ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ "سب کا کراچی" پاکستان مسلم لیگ(ن) کے بلدیاتی نمائندوں کی محنت اور کاشوں سے ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا․ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی کو سب کے شہر کراچی کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے فقط پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نہیں سب کے نمائندے ہیں اور شہر قائد کی بھرپور خدمت کر کے ثابت کریں گے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی ملک کی واحد جماعت ہے جو ہر پاکستانی کی ترجمان ہے․ کراچی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے بلدیاتی امیدواروں نے تمام تر مشکلات اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے عوام کو صاف و شفاف انتخابات کا موقع دیا گیا تو کراچی سمیت سندھ میں ہر طرف پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندے ہی دکھائی دیں گے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کئے چاہنے والوں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے لیکن کراچی کی سیاست کی ستم ظریفی یہ ہے کہ شہر کی اکثریت ووٹ کے حق کے لئے الیکشن کمیشن کی کارکردگی کی محتاج رہتی ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب بلدیاتی نمائندے بلا تفریق کراچی کی خدمت کریں گے اور وفاقی حکومت سے کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے بہترین منصوبوں کے لئے بھرپور کوشش کریں گے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت نے قوم کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا کر دیا اور ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات منعقد کروا کر عدالت عظمی کے احکامات کے ساتھ ساتھ آئینی ذمہ داری بھی پوری کردی ہے۔