الیکشن کمیشن کراچی میں شفاف انتخابات کرانے میں پھر ناکام ہو گیا ،حافظ نعیم الرحمن

مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے ،زبردست انتخابی مہم پر کارکنوں کو خراج تحسین اور ووٹرز سے اظہار تشکر

پیر 7 دسمبر 2015 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارات ادارہ نورحق میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہواجس میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پوری مہم 5دسمبر کے دن کے حالات اور بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور حالات کا تجزیہ کیا گیا ۔ اجلاس میں اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کیا گیا اور بدترین حالات میں بھی زبردست اور بھر پور انتخابی مہم چلانے پر کارکنوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔

اجلاس میں شہر بھر میں جماعت اسلامی اور اس کے حمایت یافتہ امیدواروں کو ووٹ دینے والے ووٹروں سے بھی اظہار تشکر کیا گیا اور اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ہمارے امیدواروں نے انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لیا اور کسی کو کہیں سے بلا مقابلہ منتخب نہیں ہو نے دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلا س سے خطاب کر تے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی میں ایک بار پھر صاف اور شفاف انتخابات کرانے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔

کراچی میں آپریشن کے بعد عوام کو توقع تھی کہ انتخابی عمل صاف اور شفاف ہو گا لیکن عوام کی توقعات پوری نہیں ہو سکیں ۔70فیصد پولنگ اسٹیشنوں پر اندر اور باہر فوج یا رینجرز مو جود نہیں تھی اور پولیس کی خاطر خواہ نفری بھی نہیں تھی ۔الیکشن کمیشن کا عملہ بھی بیشتر مقامات پر جعلی تھااور جانبدارانہ کردار ادا کر تا ہو ا نظر آیا۔ ٹرن آؤٹ تو بہت ہی کم رہااور اب آر او اور ڈی آر او کے ذریعے جعلی اعدادو شمار کے ذریعے ٹرن آؤٹ کا ڈیٹا بڑھایا جارہا ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 5دسمبر کے بلدیاتی انتخابات میں انتہائی کم ٹرن آؤٹ کا ہو نا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کے اندر انتخابی عمل پر اعتماد نہیں رہا ۔عوام کی اکثریت کی انتخابی عمل میں عدم شرکت ملک کے استحکام کے لیے نیک شگون نہیں ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے جعلی ووٹر لسٹوں اور جعلی انتخابی عملے کی جانبداری کے باوجود انتخابات میں حصہ لیا اور جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے 20نشستوں پر چیئر مین ووائس چیئر مین منتخب ہو ئے ۔

عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیاہے اور ہم جہاں جہاں کامیاب ہو ئے ہیں عوام کی خدمت کریں گے اور عوامی مسائل کے حل میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ2دن ہو گئے ہیں لیکن ریٹرنگ آفیسر کی طرف سے ہمیں نتائج جاری نہیں کیے جارہے ۔ہمارے ووٹوں کی تعداد کم کرنے اور کامیاب امیدواروں کو ہرانے کی سازش کی جارہی ہے۔