عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے زندگی کی 29 بہاریں دیکھ لیں

منگل 8 دسمبر 2015 12:01

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے زندگی کی 29 ..

لندن (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار8دسمبر- 2015ء) عالمی شہرت یافتہ کم عمر ترین باکسنگ چیمپئن پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان آج اپنی 29 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ۔ عامر اقبال خان 8 دسمبر 1986ء کو برطانوی کاؤنٹی گریٹر مانچسٹر میں پیدا ہوئے ، وہ نسیم حمید اور حربی حیدی کے بعد برطانیہ کے تیسرے کم عمر ورلڈ چیمپئن ہیں ۔ عامر خان نے 11 سال کی عمر میں باکسنگ کھیلنا شروع کی اور انگلش سکول ،جونیئر اے بی بے ٹائٹل کے علاوہ 2003ء میں جونیئر اولمپکس کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔

(جاری ہے)

عامر خان 1976ء میں کولن جونز کے بعد محض 17 برس کی عمر میں 2004ء میں برطانیہ کے سب سے کم عمر اولمپکس باکسر بنے ۔ انہوں نے 2005ء میں باقاعدہ طور پر باکسنگ کیریئر کا آغاز کیا اور ڈیوڈ برلے کے خلاف اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی ۔ پے درپے کامیابیوں نے نوجوان باکسر کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور 2009ء میں وہ ڈبلیو بی اے انٹرنیشنل لائٹ ویٹ ٹائٹل جیت کر 22 سال کی عمر میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے برطانیہ کے تیسرے کم عمر چیمپئن بن گئے ۔ پروفیشنل کیریئر کے ساتھ ساتھ عامر خان سماجی سرگرمیوں میں بھی اپنا خاطر خواہ حصہ ڈالتے ہیں اور پاکستان کا دورہ بھی کرچکے ہیں ۔