رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے مخالف نہیں لیکن اسمبلی سے منظوری لازمی ہے ،نثار احمد کھوڑو

منگل 8 دسمبر 2015 17:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء) سندھ کے سینئر وزیرتعلیم و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے مخالف نہیں ہیں تاہم آئینی طور پر رینجرز کی موجودگی اور انکے اختیارات میں توسیع کی اسمبلی سے منظوری لازمی ہے اور متعدد دنوں سے اسمبلی کا اجلاس بھی نہیں ہواہے جس وجہ سے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا ایشو برقرار ہے اور اس صورتحال کی وجہ سے تاحال رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمر ی پر بھی دستخط نہیں ہوئے ہیں اس لیے 10دسمبر کو سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جارہاہے اور دو دنوں میں رینجرز اختیارات میں توسیع کا معاملہ اسمبلی کی منظوری سے حل ہوجائیگا۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے منگل کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی میں سیمینار کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی رینجرز کے اختیارات کے متعلق اظہار خیال کرسکتی ہے جس کے بعد صورتحال واضع ہوجائیگی۔انھوں نے کہاکہ سندھ میں امن وامان عزیز ہے اور عوام کو سیکیورٹی فراہم کرنا چاہتے ہیں اس لیے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گااور رینجرز کو بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کے قیام کے لیئے ہی پولیس کی مدد کے لیئے رینجرز کو طلب کرنے کے درخواست کی گئی تھی اور آپریشن کی وجہ سے ہی عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے ،بھتہ خوری،اغوابرائے تاوان اور ٹارگیٹ کلنگ کا خاتمہ آیا ہے اور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بھی پرامن نمونے سے ہوا اسلیئے پولیس اور رینجرز کا قیام امن کے لیئے کردار قابل تعریف ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ماضی کی آمرانہ حکومت میں جلسوں میں دھماکے ہوتے تھے ، 12مئی ، 18اکتوبر ، سانحہ نشتر پارک اور علما ء کے قتل عام کے واقعات بھی سب کے سامنے ہیں تاہم ماضی کے مقابلے میں اب امن وامان کی صورتحال بہترہے ۔ایک سوال کے جواب میں نثار احمد کھوڑونے کہا کہ سندھ کابینہ میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے، حکومت اور پارٹی کو کابینہ میں تبدیلی کا اختیار ہے اوروہ کسی بھی وقت کابینہ میں تبدیلی کرسکتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں اکثریتی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہوکر آنے والی جماعت کا ہی میئر ہوگا اور اس ہی جماعت پر منحصرہے کہ وہ میئر کے لیئے کس کو نامزد کرتے ہیں جو کہ کراچی شہر کی محرومیوں کا ازالہ کرسکے۔

متعلقہ عنوان :