وومن چیمبر آف کامرس کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بزنس مین پینل کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

سینیٹر حاجی غلام علی نہ صرف مسائل کا اداراک جانتے ہیں بلکہ مرد میدان کی طرح لڑنا اور مسائل کا حل بھی جانتے ہیں ۔سلطان چاولہ/میاں زاہدحسین/میاں انجم نثار

منگل 8 دسمبر 2015 20:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء)وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات برائے 2016کے لیے بزنس مین پینل کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ2015بزنس کمیونٹی کے لیے مشکل ترین سال رہا ہے ۔انشاء اﷲ 2016کاسورج بزنس مین پینل کی کامیابی کی نوید لے کرطلوع ہوگا اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کا سال ثابت ہوگا۔

ایف پی سی سی آئی کو سیاسی اکھاڑہ بنانے والوں کا یوم احتساب قریب آگیا ہے ۔بزنس کمیونٹی ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بزنس مین پینل پر اعتماد کا اظہار کرکے سرکاری کرسی پر بیٹھ کر بزنس کمیونٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کو مسترد کردے گی ۔ان خیالات کا اظہاروومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدرارم شاہین ملک نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سابق صدرفرح جہانگیر ،سینئر نائب صدر رخسانہ خان ،نائب صدر عائشہ خرم ،ارکان قیصرہ شیخ ،رخسانہ ظفر اور زبیدہ اسلم نے شرکت کی۔وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر نے بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار سینیٹر حاجی غلام علی کو بزنس کمیونٹی کا نمائندہ رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ حاجی غلام علی نے ایف پی سی سی آئی میں بغیر کسی عہدے کے بھی ہمیشہ کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔

ملک کے تاجر و صنعت کار ان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر ایف پی سی سی آئی کی صدارت کا تاج ان کے سر سجنے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2015تاجروں و صنعت کاروں کے لیے ایک وبال سے کم نہیں رہا۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی نااہل قیادت اور اقتدار کی ہوس پرستی کے باعث بزنس کمیونٹی اپنے مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر سراپا احتجاج بنی رہی لیکن ایف پی سی سی آئی کی قیادت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر نے بزنس کمیونٹی کو اپنی جیب کی گھڑی سمجھ کر ان کے مفادات پر سودے بازی کی اور اپنا حکومتی عہدہ بچانے کے لیے حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ایس ایم منیر فیڈریشن کی سیاست میں مداخلت سے باز نہیں آرہے ہیں اور توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پورے سال میں بزنس کمیونٹی کیلئے کچھ نہ کرنے والے گرگٹ کی طرح رنگ بدل کر مسائل کے حل کی نوید سنانے والے سن لیں کہ اب یو بی جی کو بزنس کمیونٹی کے ہاتھوں شکست سے کوئی نہیں بچا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ یو بی جی کی لیڈر شپ سمیت ایف پی سی سی آئی کی ناکامی میں صدر میاں محمد ادریس کا کردارکم جبکہ ایس ایم منیر کا کردار زیادہ ہے ۔ کیونکہ ایف پی سی سی آئی کے موجودہ صدر کو ایس ایم منیرنے کٹھ پتلی بنا رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایف پی سی سی آئی نہ صرف بزنس کمیونٹی کے مسائل میں ناکامی کا سامنا کرناپڑا بلکہ اداروں کی طرف سے زیادتیوں پر بھی خاموش تماشائی بنی رہی ۔

بزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان چاولہ ،فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہد حسین ،پنجاب ریجن کے چیئرمین میاں انجم نثار ،سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریا عثمان اور ترجمان شیخ منظر عالم نے بزنس مین پینل کی حمایت پر وومن چیمبر آف اینڈ انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔بزنس کمیونٹی جلد شعبدہ بازوں سے نجات حاصل کرکے ایف پی سی سی آئی میں حقیقی لیڈر شپ سینیٹر حاجی غلام علی کی قیادت میں سامنے لائے گی جو نہ صرف مسائل کا اداراکرکھتے ہیں بلکہ مرد میدان کی طرح لڑنا اور مسائل کا حل بھی جانتے ہیں ۔