بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ ، فرنچائزز پاکستانی کرکٹرز کو نظر انداز کرنے لگیں

بدھ 9 دسمبر 2015 13:06

بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ ، فرنچائزز پاکستانی کرکٹرز کو نظر انداز کرنے ..

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ(بی پی ایل) میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں کو فرنچائزز نظر انداز کرنے لگیں، سہیل خان، مختار احمد اور حماد اعظم ایک ایک میچ ہی کھیل پائے جب کہ مصباح الحق، کامران اکمل،سعید اجمل،وہاب ریاض اور ناصر جمشید بھی مسلسل باہر ہیں۔تفصیلات کے مطابق بی پی ایل میں کئی پاکستانی کرکٹرز مختلف فرنچائزز کے اسکواڈز میں تو موجودہیں لیکن ان کی صلاحیتوں پر بھروسہ نہیں کیا جارہا، چٹا گانگ وکنگز کے عامر تو ابھی تک9میچز میں 14شکار کرچکے، دوسری جانب کامران اکمل صرف 2میچز کھیلنے کے بعد مسلسل نظر انداز ہیں، سعید اجمل اور بلاول کو بھی 3 مقابلوں میں آزمایا گیا، آف اسپنر نے 2 اور پیسر نے 3وکٹیں حاصل کیں۔

عمر اکمل نے تاخیر سے ٹیم جوائن کرنے کے بعد 4میچز کھیل کر 64رنز جوڑے ہیں، باریسال بلز کی جانب سے محمد سمیع 7 مقابلوں میں اتنے ہی شکار کرپائے،رنگپوررائیڈرز نے 5میچز میں 108رنز بنانیوالے مصباح کو نظر انداز کر دیا، وہ 3دسمبر کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلے، دوسری جانب تشارا پریرا اور سومیہ سرکار تمام 10مقابلوں کا حصہ بنے، وہاب نے واحد میچ میں صرف 12رنز دیکر ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

ڈھاکا ڈائنا مائٹس کے سہیل خان مسلسل اسکواڈ کیساتھ ہونے کے باوجود ابھی تک صرف ایک مقابلے میں شرکت کرسکے ہیں،پیسر 30 رنز دیکر کوئی کامیابی نہیں حاصل کرپائے تھے،محمد عرفان نے بھی واحد میچ میں22رنز دے کر ایک وکٹ لی ہے،ناصر جمشید کی ناقص فارم بھی مینجمنٹ کو برداشت نہیں ہوئی، انھوں نے 3میچز میں 67رنز جوڑ کر اپنی افادیت ختم کی،اس ٹیم میں نئی انٹری محمد حفیظ کی پہلی اننگز ایک رن تک محدود رہی،یاسر شاہ 6میچز میں 8 شکار کرنے کیساتھ 33رنز بنائے ہیں۔

کومیلا وکٹورینز کے احمد شہزاد اچھی فارم میں ہیں، وہ4میچز میں 44کی اوسط سے 132رنز بنا چکے ہیں،شعیب ملک نے اتنے ہی مقابلوں میں 65رنز بنانے کیساتھ 2وکٹیں حاصل کیے ہیں، اسی اسکواڈ میں شامل ایک پاکستانی کھلاڑی مختار احمد واحد میچ میں ایک رن بنانے کے بعد سے نظرانداز ہیں،سلہٹ سپر اسٹارز کی جانب سے شاہد آفریدی نے3میچز میں 66رنز بنائے اور 2 وکٹیں لیں،سہیل تنویر نے بھی اتنے مقابلوں میں37رنز بنانے کیساتھ صرف ایک شکار کیا،حماد اعظم نے ایک میچ میں 13 رنز بنائے اور 2اوورز میں 19 رنز دیے،مگر پھر زیر غور نہیں لایا گیا۔