دہشت زدہ امریکی سکولوں میں بچوں کے لیے بلٹ پروف کمبل متعارف کرادیا گیا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی بدھ 9 دسمبر 2015 13:30

دہشت زدہ امریکی سکولوں میں بچوں کے لیے بلٹ پروف کمبل متعارف کرادیا ..

امریکا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9دسمبر2015ء)امریکا کے جدید مگر دہشت زدہ معاشرے کی عکاسی اس جدید ایجاد سے بھی ہوتی ہے، جو سکولوں کے بچوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ ایک امریکی کمپنی کا کہنا ہے انہوں نے سکول کے بچوں کے لیے فوج کے زیر استعمال میٹریل سے بلٹ پروف پیڈ اور کمبل بنائے ہیں۔ باڈی گارڈ بلینکٹ نامی بلٹ پروف کمبل بنانے والی کمپنی پروٹیکٹ کا کہنا ہے کہ ان کے پیڈ اور کمبل عوامی مقامات یا سکولوں میں فائرنگ کے دوران بچوں اورنو جوانوں کو تحفظ فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

کمپنی نے انہیں مختلف ڈیزائنوں اور سائز میں بنایا ہے۔بچے انہیں بیگ کی طرح کمر پر لٹکا سکتے ہیں اور سر پر بھی اوڑھ سکتےہیں۔ اسے بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کمبلوں کو تیزی سے بچوں اور بڑوں کے گرد لپیٹا جا سکتا ہےاوریہ وزن میں بھی بہت ہلکے ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ جب جان پر بنی ہو اور ایک ایک لمحہ قیمتی ہوتو یہ کمبل سکول میں گھسے مجرموں سے بچوں کو تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ لوگ ان کمبلوں کو ہر جگہ یعنی گھروں، سکولوں، کار یا ٹرک میں، شاپنگ سنٹر، پارکس اور کھیلوں کے دوران استعمال کر سکتےہیں۔