محمد عامر پی سی بی کی ہدایات کے باوجود اپنے رویے میں انکساری لانے میں ناکام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 دسمبر 2015 16:25

محمد عامر پی سی بی کی ہدایات کے باوجود اپنے رویے میں انکساری لانے میں ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار9دسمبر- 2015ء) سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث رہنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر پی سی بی کی ہدایات کے باوجود اپنے وریے میں انکساری لانے میں ناکام نظر آرہے ہیں ۔ چیئر مین پی سی بی شہریار خان متعدد بار یہ کہ چکے ہیں کہ عامر کو ٹیم میں لانے کو ان کے فیلڈ پر دکھائے جانے والے ڈسپلن سے مشروط کیا گیاہے اور 23سالہ فاسٹ باؤلر مسلسل ان ہدایات کو نظر انداز کرکے دکھائی دے رہے ہیں ۔

منگل کے روز فاسٹ باؤلر نے ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے خلاف میچ میں محمد حفیظ کو آؤٹ کرکے جس طرح اپنی بائیں ٹانگ فضا میں لہرائی اس سے صاف ظاہر ہورہا تھا کہ انہوں نے حفیظ کے اپنے بارے میں دیئے گئے ریماکس کا بدلہ لینے کے چکر میں ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے ، ایسا محسوس ہورہاتھا کہ ایک سزا یافتہ اور جونیئر کھلاڑی اپنے سینئر کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ محمد حفیظ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے عامر کی وجہ سے بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں شرکت سے معذرت کی تھی کیوں کہ وہ کسی ایسے کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیل سکتے ہیں جس کی وجہ سے ملک کی بدنامی ہوئی تھی۔ محمد عامر اس سے پہلے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو آؤٹ کرکے خوشی منا چکے ہیں تاہم حیرت انگیز طور پر انہوں نے ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کو آؤٹ کرکے جشن نہیں منایا تھا جس کی ممکنہ وجہ ان کی جانب سے عامر کو ٹیم میں واپسی کا گرین سگنل دینا ہوسکتا ہے ۔

چیئر مین پی سی بی شہریار خان محمد عامر کو بھارت کے خلاف ممکنہ سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل کرنے کا امکان رد کر چکے ہیں ،شہریار خان کے مطابق پی سی بی نے عامر کو ٹیم میں واپس لانے کے لیے ایک پلان بنایا ہوا ہے جس کے تحت پہلے اسے اپنا رویہ بہتر بنانے کو کہا جائے گا جس کے بعد اسے یہ بھی بتایا جائے گا کہ اسے کیسے اپنے دیگر کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے ۔