وقار یونس نے قومی ٹیم کا شیرازہ بکھیر دیا ہے،وہ جب تک اپنی انا ختم نہیں کریں گے ٹیم سیٹ نہیں ہوگی ، معین خان

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 9 دسمبر 2015 18:45

وقار یونس نے قومی ٹیم کا شیرازہ بکھیر دیا ہے،وہ جب تک اپنی انا ختم نہیں ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 دسمبر۔2015ء)سابق چیف سلیکٹر معین خان نے کہا ہے کہ قومی کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے قومی ٹیم کا شیرازہ بکھیر دیا ہے،ہیڈ کوچ جب تک اپنی انا ختم نہیں کریں گے، اس وقت تک قومی ٹیم سیٹ ہو گی نہ وہ اچھے کوچ ثابت ہو سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی سکواڈ منتخب کرنے والے سابق کپتان معین خان نے ہیڈ کوچ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے،معین خان کا کہنا ہے کہ وقار یونس انا ختم کیے بغیر ٹیم کوسیٹ کرسکتے ہیں نا خود کو اچھا کوچ ثابت کرسکتے ہیں۔

وہ ہر شکست کے بعد وقت مانگتے ہیں،معلوم نہیں ایسا کھلاڑیوں کیلئے کرتے ہیں یا اپنے لئے۔سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے،لیکن ہیڈ کوچ اچھے کھلاڑی ہونے کے باوجود ٹیم سیٹ نہیں ہونے دے رہے،سابق کپتان نے سرفراز احمد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کارکردگی غیر معمولی ہے پھر بھی اسے ٹیم میں سیٹ نہیں ہونے دیا جا رہا۔

(جاری ہے)

معین نے کہا کہ ٹیم کو سیٹ کرنے کیلیے پالیسی اور فیصلوں میں تسلسل کی ضرورت ہوتی ہے لیکن وقار یونس ہرمیچ اور ہر سیریز ، کے بعد کھلاڑی بدل دیتے ہیں ،کھلاڑیوں سے لڑائی کرتے ہیں ،اور جس سے ناراض ہو جائیں اس کی ٹیم سے چھٹی کردی جاتی ہے،اور ہر شکست کے بعد ذمہ داری کھلاڑیوں یا سلیکٹرز پر ڈال دیتے ہیں۔

معین خان نے کہا کہ وقار یونس کے دوسری مرتبہ ٹیم سنبھالنے کے بعد بھی ان کا رویہ نہیں بدلا۔