میں ریکارڈز کی نہیں ریکارڈ میری تلاش میں ہوتے ہیں،کرسٹیانو رونالڈو

بدھ 9 دسمبر 2015 18:45

میں ریکارڈز کی نہیں ریکارڈ میری تلاش میں ہوتے ہیں،کرسٹیانو رونالڈو

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) سپین کے فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کے مشہور کھلاڑی کرسچیانو رونالڈو کا چمپیئنز لیگ کے گروپ مرحلے میں ریکارڈ 11 گول کرنے کے بعد کہنا تھا کہ وہ ریکارڈز کی تلاش میں نہیں ہوتے بلکہ ریکارڈ ان کے متلاشی ہوتے ہیں۔رونالڈو نے چمپیئنز لیگ کے میچ میں سوئیڈن کے کلب مالمو ایف ایف کے خلاف 4 گول کرکے گروپ مرحلے میں 11 گول کرنے کاریکارڈ اپنے نام کیا، اس میچ میں مالمو کو 0-8 سے شکست ہوئی۔

چمپیئنز لیگ کے گروپ مرحلے میں سب سے زیادہ 10 گول کرنے کا ریکارڈ ہنگری کے سابق کھلاڑی اور کوچ فیرینک پوسکاس کے پاس تھا جو انھوں نے 1965 میں بنایا تھا۔ای ایس پی این ایف سی کے مطابق رونالڈو کا کہنا تھا کہ "میں بہت خوش ہوں اور یہ ٹیم کے لیے بہترین میچ تھا، تمام کھلاڑی جانتے تھے کہ ہم مخالف ٹیم پر دباؤ ڈال کربہترین کھیل پیش کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ذاتی سطح پر میں ایک اور ریکارڈ بننے پر خوش ہوں، میں ریکارڈ کی تلاش میں نہیں ہوتا ریکارڈ مجھے ڈھونڈ نکالتے ہیں ۔رونالڈو کا کہنا تھا کہ کلب چھوڑنے کے حوالے سے لوگ ہرسال افواہیں پھیلاتے ہیں لیکن جب سے ریال میڈرڈ میں آیا ہوں کلب نے بہت مدد کی ہے اور میں یہاں پر خوش ہوں۔اس سے قبل یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ رونالڈو ہسپانوی کلب چھوڑنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔رونالڈو نے رواں سال اکتوبر میں ریال میڈرڈ کی جانب سے سب سے زیادہ324 گول کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔