قیام امن اور ترقی کاانحصار خطے کی تمام طاقتوں کی نیتوں پر ہے‘بھارتی وزیراعظم کو عوام کیلئے سوچ تبدیل کرنا ہوگی،برصغیر میں پاکستان ،کشمیراور مسلمان حقیقت ہیں بھارت کو دل سے تسلیم کرنا ہوگا،سشما سوراج کی پاکستانی حکام سے ملاقات خوش آئند ہے

آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل(ر)پرویز مشرف کابیان

بدھ 9 دسمبر 2015 20:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن اور ترقی کاانحصار خطے کی تمام طاقتوں کی نیتوں پر ہے،بھارتی وزیراعظم کو عوام کے لئے اپنی سوچ تبدیل کرنا ہوگی،برصغیر میں پاکستان ،کشمیراور مسلمان حقیقت ہیں بھارت کو دل سے تسلیم کرنا ہوگا،سشما سوراج کی پاکستانی حکام سے ملاقات خوش آئند ہے مگر خلوص نیت سے آگے بڑھنا ہوگا۔

بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے مثبت نتائج صرف اسی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں کہ خطے کی تمام قوتیں نیک نیتی سے مسائل حل کرنا چاہیں۔اگر خطے کے بڑے ممالک چھوٹے ممالک کو دبا کررکھنا چاہیں گے توخاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنے دل سے مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف نفرت نکال دینی چاہئیے۔

پاکستان،مسئلہ کشمیر اور مسلمان برصغیر کی حقیقت ہیں انہیں یہ حقیقت تسلیم کرنا چاہئیے۔بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کا دورہ پاکستان اور پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں نیک خواہشات کا اظہار خوش آئند ہے مگراہمیت ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ان خواہشات پر عملی اقدامات کی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی بات کی مگر بھارتی حکمرانوں کا رویہ ہمیشہ سرد رہاہے۔

یہی وجہ ہے کہ ماضی میں کئی مرتبہ مذاکرات بے نتیجہ رہے اور مسائل کا کوئی حل نہ نکل سکا۔بھارت کی موجودہ حکومت کے انتہا پسندانہ رویے نے دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ کردئیے ہیں۔یہ موقع ہے کہ بھارتی حکام اپنے رویے میں تبدیلی لاتے ہوئے اپنی پالیسیوں کا ازسرنوجائزہ لیں تا کہ خطے میں قیام امن کا خواب پورا ہوسکے

متعلقہ عنوان :