پی آئی اے کی نجکاری کیلئے رات کے اندھیرے میں صدارتی آرڈیننس کا اجراء ملک وقوم کے لئے شدید خطرہ ہے،ڈاکٹر نفیسہ شاہ

بدھ 9 دسمبر 2015 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی ہیومن رائٹس سیل کی مرکزی کوآرڈینیٹر ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے پی آئی اے کی نجکاری کے لئے رات کے اندھیرے میں صدارتی آرڈیننس کے اجراء پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے ملک وقوم کے لئے شدید خطرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کئی اسٹریٹیجک نوعیت کے اہم قومی ادارے اونے پونے داموں فروخت کردیئے گئے جن میں کے الیکٹرک ، پی ٹی سی ایل اور دیگر شامل ہیں، اگر ان اداروں کی پرفامنس کا جائزہ لیا جائے تو ماسوائے مایوسی کے اور کچھ حاصل نہ ہوگا۔

ان اداروں نے نہ صرف وعدوں کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی بلکہ الٹا ملک میں بے روزگاری اور انتشار کا سبب بنے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت اس طرح کے من مانے اور یکطرفہ فیصلے نہیں کرسکتی بلکہ ایسے تمام معاملات کو مشترکہ مفادات کی کونسل میں زیربحث لانا ضروری ہے جس سے فرار آئین کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے پس پشت کچھ عوامل کار فرما ہیں جن میں نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل اور پیرس میں اسکرائب ہوٹل کا ہتھیانا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں بالخصوص دہشتگرد تنظیمیں باآسانی اپنے اہداف کی تکمیل کے لئے پی آئی اے کی نجکاری سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :