ایک ٹانگ سے معذور مسیحا12 سال سے اپنا فرض نہیں بھولا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعرات 10 دسمبر 2015 12:58

ایک ٹانگ سے معذور مسیحا12 سال سے اپنا فرض نہیں بھولا

چین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر2015ء)چین میں چونگ کنگ کےایک گاؤں ژیانژن سے تعلق رکھنے والا ڈاکٹر ایک ٹانگ سے معذور ہے مگر اس کے باوجود 12 سالوں سے مسلسل اپنے مریضوں کو اُن کے گھروں میں دیکھنےجاتا ہے۔حال ہی میں یہ ڈاکٹر چینی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ جی زینیونگ کی دائیں ٹانگ 14 سال کی عمر میں ایک کار حادثے کی وجہ سے ضائع ہوگئی۔

خود پر گذرنے والی تکلیف سے اسے دوسروں کی تکلیف کا احساس ہوا۔ اس نے فیصلہ کیا کہ وہ لوگوں کی مدد کرنے کے لیے ڈاکٹر بنے گا۔ حادثے کے بعد اسے ایک سال کے لیے سکول چھوڑنا پڑا۔ ایک سال بعد وہ سہارے سے چلتے ہوئے زندگی شروع کرنے کےقابل ہوا۔ بہت محنت کے بعد جی زینیونگ اس قابل ہوا کہ سہارے کے ساتھ ہی آرام سے چل پھر سکے۔ ہائی سکول سے گریجویشن کرنے کے بعد اس نے یوزہو یونیورسٹی چونگ کنگ میں میڈیکل میں داخلہ لیا۔

(جاری ہے)

اس کے اہم مضامین روایتی چینی ادویات تھا۔2003 میں جی زینیونگ ڈاکٹر بن گیا۔ اس کے بعد تو چاہے دھوپ ہویابارش ،د ن ہو یا رات، جی زینیونگ سہارے سے چلتا ہوا اپنے مریضوں کے گھر پہنچ جاتا ہے۔ جی زینیونگ نے بتایا کہ کئی دفعہ وہ چلتے ہوئے گر بھی جاتا، جس سے اس کا چہرہ بھی زخمی ہوجاتا ہے، اس کے باوجود اس کا کہنا ہےکہ اسے چاہے جتنی مرضی چوٹ لگ جائے ، وہ اپنے مریضوں کے پاس ضرور پہنچے گا۔

جی زینیونگ کے مریضوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اگر آدھی رات کو بھی کسی ڈاکٹر کے لیے کال کی ہے تو جی زینیونگ 10 منٹ میں اُن کے گھر پہنچ جاتا ہے۔ ایک دوسرے غریب مریض نے جی زینیونگ کے بارے میں بتایا کہ جب میں غربت کی وجہ سے ہسپتال میں داخل نہ ہوسکا تو جی زینیونگ نے ہی میرا علاج کیاور مجھ سے علاج کےعوض کچھ بھی نہ لیا۔ پچھلے 12 سالوں میں جی زینیونگ بے شمار مریضوں کا مفت علاج کر چکا ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ میری پیشہ ورانہ اخلاقیات اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ میں کسی کو تکلیف میں دیکھوں اور اس کا علاج نہ کروں۔ جی زینیونگ کی ماہانہ آمدن اگرچہ صرف 3000 یوان تک ہوتی ہے تاہم وہ گاؤں والوں سے عزت ملنے پر زیادہ خوش ہے۔بطور ڈاکٹر وہ اپنی قابلیت میں اضافے کےلیے ڈاکٹری کے امتحانات دیتا رہا ہے۔ جی زینیونگ کا کہنا ہے کہ میرے گاؤں والوں کا اعتماد ہی میرے لیے سرمایہ ہے۔