نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے نام پر سلیکٹرز کا تفریحی دورہ یواے ای جاری

جمعرات 10 دسمبر 2015 13:54

نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے نام پر سلیکٹرز کا تفریحی دورہ یواے ای جاری

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10دسمبر۔2015ء) نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے نام پر سلیکٹرز کا تفریحی دورہ یواے ای جاری ہے، ملک میں قائد اعظم ٹرافی چھوڑ کر انگلینڈ لائنز کے خلاف اے ٹیم کے میچز دیکھنے پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پی سی بی اور پوری قوم ایک طرف پاک بھارت سیریز کے حوالے سے کسی فیصلے کے انتظار کی اذیت میں مبتلا رہی،دوسری جانب سلیکٹرز نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلیے یواے ای میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید بھارت سے مجوزہ سیریز کیلیے ممکنہ اسکواڈ کی فہرست چیئرمین بورڈ شہریار خان کو سونپ کرساتھیوں کے ہمراہ انگلینڈ لائنز کیخلاف پاکستان اے ٹیم کے میچز دیکھنے کیلیے چلے گئے تھے۔

ملک بھر کے مختلف شہروں میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کے مقابلے جاری ہیں لیکن انھوں نے امارات جانے کو ترجیح دی، بتایا گیا ہے کہ سلیکٹرز وہاں آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کی کوشش کریں گے، نظر میں موجود کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس بھی جانچی جائے گی۔