ممبئی ہائی کورٹ نے بے گھرافراد پر گاڑی چڑھانے کے مقدمے میں معروف بھارتی اداکار سلمان خان کو بری کر دیا

جمعرات 10 دسمبر 2015 15:01

ممبئی ہائی کورٹ نے بے گھرافراد پر گاڑی چڑھانے کے مقدمے میں معروف بھارتی ..

ممبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 دسمبر۔2015ء) ممبئی ہائی کورٹ نے بے گھرافراد پر گاڑی چڑھانے کے مقدمے میں معروف بھارتی اداکار سلمان خان کو بری کر دیا ہے۔ذیلی عدالت نے انھیں اسی کیس میں غیر ارادی قتل کے جرم میں پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی۔عدالت کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کی سماعت کے دوران جس طرح کے ثبوت پیش کیے گئے ان کی بنیاد پر سلمان خان کو قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

جج نے یہ بات آخری فیصلہ سنانے سے قبل اپنے ریمارکس میں کہی تھی اور حتمی فیصلہ سنانے کے لیے سلمان خان کو عدالت طلب کیا تھا۔عدالت کا کہنا تھا کہ اس مقدمے میں ٹرائل کورٹ نے جس طرح سے شواہد کو بنیاد بنا کر فیصلہ سنایا تھا وہ قوانین کی نظر میں درست نہیں ہیں اور ثبوتوں کو غلط طریقے پیش کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلمان خان کے عدالت پہنچنے کے بعد جج اے آر جوشی نے انہیں بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔

ابھی اس فیصلے کی تفصیلات آنی باقی ہیں۔اطلاعات کے مطابق سلمان کے اہل خانہ اور ان کے بعض قریبی دوست اور ساتھی بھی اس موقع پر عدالت پہنچے۔سلمان پر الزام تھا کہ انھوں نے 28 ستمبر 2002 کی رات نشے میں اپنی گاڑی ممبئی کے علاقے باندرہ میں امریکن ایکسپریس بیکری کے کنارے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھا دی تھی۔اس واقعے میں ایک 38 سالہ شخص نور اللہ خان ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے۔

سلمان خان کا دعویٰ ہے کہ وہ حادثے کے وقت گاڑی نہیں چلا رہے تھے تاہم سیشن کورٹ کے جج ڈی ڈبلیو دیش پانڈے نے کہا تھا کہ سلمان خان پر غیر ارادی قتل کا الزام ثابت ہوا ہے۔ذیلی عدالت نے کہا تھا کہ سلمان ہی نشے میں گاڑی چلا رہے تھے اور ان کے خلاف تمام الزامات درست ثابت ہوئے ہیں۔ اس کے لیے انہیں پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :