چار ماہ کے وقفہ کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس ،جمیل احمد بھرگڑی کے انتقال کے سوگ میں جمعہ تک ملتوی

مخدوم محمد امین فہیم ، میرپور خاص سے رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد بھرگڑی ، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی سیدہ شہلا رضا کی والدہ و دیگر شخصیات کیلئے فاتحہ خوانی

جمعرات 10 دسمبر 2015 19:19

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء ) سندھ اسمبلی کا اجلاس چار ماہ کے وقفے کے بعد جمعرات کو اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں منعقد ہوا ، جس میں دو ارکان نے حلف اٹھایا اور فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس پیپلز پارٹی کے رکن جمیل احمد بھرگڑی کے انتقال کے سوگ میں جمعہ کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا ۔ اجلاس میں کوئی کارروائی نہ ہو سکی ۔

ایجنڈے میں 12 ویں نمبر پر رینجرز کے قیام اور اس کے اختیارات کے حوالے سے قرار داد بھی شامل تھی ۔ اب اسی ایجنڈے پر جمعہ کو کارروائی ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو تقریباً پونے دو گھنٹے تاخیر سے صبح 11 بجکر 42 منٹ پر شروع ہوا ۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولﷺ کے بعد سپریم کورٹ سے بحال ہونے والے پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن سندھ جام مدد علی نے اپنی رکنیت کا دوبارہ حلف اٹھایا ۔

(جاری ہے)

اسپیکر آغا سراج درانی نے ان سے حلف لیا ۔ بعد ازاں پیپلز پارٹی کے نو منتخب رکن نور احمد بھرگڑی نے بھی اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا ۔وہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس ۔ 67 میرپورخاص سے ضمنی انتخابات میں منتخب ہو کر آئے ہیں ۔ یہ نشست پیپلز پارٹی کے رکن جمیل احمد بھرگڑی کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے ان سے حلف لیا ۔

حلف برداری کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر مخدوم محمد امین فہیم ، میرپور خاص سے رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد بھرگڑی ، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی سیدہ شہلا رضا کی والدہ ، پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو کی والدہ ، ممتاز شاعر اور دانشور جمیل الدین عالی ، سابق سفارت کار قطب الدین عزیز ، 31 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ضلع خیرپور میں سانحہ درازہ شریف میں جاں بحق ہونے والوں ، کراچی میں شہید ہونے والے رینجرز اور فوج کے جوانوں ، 9 محرم الحرام کو جیکب آباد میں بم دھماکے میں شہید ہونے والوں اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

فاتحہ خوانی کے بعد اسپیکر آغا سراج درانی نے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیوایم ) کے ارکان کو ایوان میں دوبارہ واپس آنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے ایم کیو ایم کے ارکان کا بہت اہم کردار ہے ۔ میں انہیں ایوان کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں ۔ بعد ازاں سینئر وزیر تعلیم اور پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے ایک قرار داد پیش کی ، جس میں سینئر سیاست دان مخدوم امین فہیم مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

اسپیکر نے کہا کہ یہ قرار داد جمعہ کو زیر بحث لائی جائے گی اور اس کی منظوری دی جائے گی ۔ سینئر وزیر نے بعد ازاں ایک تحریک پیش کی ، جس میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد بھرگڑی کے انتقال کے سوگ میں اجلاس ملتوی کر دیا جائے اور آج کے ایجنڈے کی کارروائی جمعہ کو چلائی جائے ۔ ایوان نے یہ قرار داد اتفاق رائے سے منظور کر لی ۔ بعد ازاں اسپیکر نے اجلاس جمعہ کی صبح تک ملتوی کر دیا ۔