طاقتور حکومتوں نے انسانی حقوق کا جنازہ نکال دیا ہے: ڈاکٹرفوزیہ صدیقی

انسانی حقوق کے علامتی تابوت کے ساتھ عافیہ موومنٹ کے زیراہتمام کراچی پریس کلب پر مظاہرہ

جمعرات 10 دسمبر 2015 19:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) عالمی سطح پرطاقتور حکومتوں کی جانب سے جنگ و جدل ، غیرقانونی ٹارچر سیل، ماورائے قانون گرفتاریاں، غیرشفاف اور جانبدارانہ عدالتی فیصلوں جیسے اقدامات نے انسانی حقوق کا جنازہ نکال دیا ہے۔10 دسمبر کو اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی حقوق کا عالمی دن مقرر کرنے کے موقع پر عافیہ موومنٹ کے زیراہتمام کراچی پریس کلب پر انسانی حقوق کے علامتی تابوت کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں عافیہ موومنٹ اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام انسانوں کومذہبی و نسلی امتیاز کے بغیر مکمل طور پر مساوی حقوق حاصل ہیں۔ طاقتور ممالک کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی نے چھوٹے اور کمزورممالک کے عوام کا اقوام متحدہ پر اعتماد مجروح کیا ہے اور بالخصوص مسلم دنیا میں اقوام متحدہ کے بارے میں یہ تصور قائم کردیا ہے کہ اقوام متحدہ کے قیام کا مقصد امریکہ اور یورپی ممالک کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اگر حکمرانوں کی جانب سے انسانی حقوق کا احترام نہیں کیا جائے گا تو کس طرح دنیا میں امن قائم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اغواء سے لے کر امریکی عدالتی کاروائی تک پورا معاملہ بدترین ناانصافیوں اور انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں کی مثال ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر انسانی حقوق کے علامتی تابوت نکالنے کا مقصد اقوام متحدہ کو یہ باور کرانا ہے کہ دنیا بھر کے تمام انسانوں کے حقوق کا بلاامتیاز و تفریق تحفظ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :