پی سی بی ملکی وقار کا خیال رکھے ،بھارت کے پیچھے نہ بھاگے ،سیریز کیلئے بات چیت کو ختم کردینا چاہیے‘ سابق کرکٹرز

پہلے اس بات کا انتظار کیا جائے کیا بھارت ہم سے کھیلنا چاہتا ہے یا ہم ہی ان کے پیچھے بھاگ رہے ہیں‘ اقبال قاسم،محسن حسن خان

جمعرات 10 دسمبر 2015 19:33

پی سی بی ملکی وقار کا خیال رکھے ،بھارت کے پیچھے نہ بھاگے ،سیریز کیلئے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) سابق کرکٹرز نے پاک بھارت کرکٹ سیریز بحال نہ ہونے کو کرکٹ کے لئے نقصان قرار دیا ہے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ملکی وقار کا خیال رکھے اور بھارت کے پیچھے نہ بھاگے ۔ اقبال قاسم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سیریز کے لئے اب بات چیت کو ختم کردینا چاہیے۔ پہلے اس بات کا انتظار کیا جائے کہ کیا بھارت ہم سے کھیلنا چاہتا ہے یا ہم ہی ان کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز نہ ہونے سے کرکٹ کو نقصان ہوگا لیکن ہمیں ملکی وقار کو داؤ پر نہیں لگانا چاہیے ۔ اگر بھارت نہیں کھیلنا چاہتا تو ہمیں اس کے پیچھے بھاگنے کی ضرورت نہیں۔ معاہدے کے باوجود کرکٹ سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان کرکٹ بورد کو ضرور آئندہ کے لائحہ عمل کا واضح اعلان کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

سابق کرکٹر محسن حسن خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے پیچھے بھاگنے سے گریز کرنا چاہیے۔

اگر بھارت سے سیریز نہیں ہوگی تو کیا ہماری کرکٹ ختم ہوجائے گی؟۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بار بار یہی تاثر دینے کی کوشش کی کہ وہ سیریز کے لئے بے چین ہے حالانکہ بھارت نے کبھی اس بارے میں اپنی خواہش ظاہر نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ہر روز از خود انتظار کرنے کا اعلان کر دیتے ہیں حالانکہ اگر بھارت نہیں کھیلنا چاہتا تو ہمیں بھی واضح طو رپر کرکٹ سیریز ختم کر دینے کا اعلان کر دینا چاہیے ۔