رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ ایوان سے باہر سیاسی جماعتوں کو موضوع بحث ‘مگرحکومت ایوان میں کوئی قرار داد پیش نہ کر سکی

جمعرات 10 دسمبر 2015 21:37

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 دسمبر۔2015ء) سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا لیکن رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ ایوان سے باہر سیاسی جماعتوں کو موضوع بحث رہا اور حکومت معاملے کے حوالے سے کوئی قرار داد پیش نہ کر سکی۔دوسری طرف مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ رینجرز کے معاملے پر شام یا صبح تک خبر مل جائے گی ، انہوں نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس رکن سندھ اسمبلی جمیل بھڑ گری کے انتقال کے باعث جمعے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔حکمراں جماعت کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے قرار داد صرف توثیق کے لیے ایوان میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ رینجرز کے ساتھ کوئی تنازعہ نہیں جبکہ صوبائی وزیر سکندر میندھرو کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اختیارات اور قیام کے حوالے سے قرار داد پر اپوزیشن جماعتوں کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعت ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ وہ پہلے قرار داد کا متن دیکھیں گے پھر حمایت کرنے نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے۔جبکہ مسلم لیگ فنکشنل کے اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ کرپٹ لوگوں کو بچانے کے لئے رینجرز کے اختیارات کی توسیع میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے لیکن وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے اور رینجرز کے اختیارات کو کسی صورت محدود نہیں ہونے دیا جائے گا۔پیپلز پارٹی کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ وہ کراچی میں رینجرز کی موجودگی کے خلاف نہیں اور بہت جلد اس حوالے سے عوام کو خوشخبری ملے گی۔

متعلقہ عنوان :