پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے 308 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی

پاکستان سپر لیگ 4فروری سے 23فروری2016ء تک شارجہ اور دبئی میں کھیلی جا ئے گی ،14ملکوں کے کھلاڑی حصہ لیں گے

جمعرات 10 دسمبر 2015 22:03

پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے 308 کھلاڑیوں کی فہرست جاری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے 308 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی ، ایونٹ میں شامل پانچوں ٹیمیں 21اور 22دسمبر کو ڈرافٹنگ کے ذریعے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی، پاکستان سپر لیگ 4فروری سے 23فروری2016ء تک شارجہ اور دبئی میں کھیلی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے جاری ہونے والی کھلاڑیوں کی فہرست میں14ملکوں کے مجموعی طورپر308کھلاڑی حصہ لیں گے ۔

پی سی بی نے پی ایس ایل میں شامل کھلاڑیوں کو 5کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں پلاٹینم ،ڈائمنڈ ، گولڈ، سلور اور یمرجنگ کیٹگری بنائی گئی ہیں ۔ ایونٹ میں 137 پاکستان کھلاڑی شریک ہو ں گے۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ تعداد برطانوی کھلاڑیوں کی ہے جن کی تعداد 59ہے ، ویسٹ انڈیز کے 38،سری لنکا کے 22،آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے 10،10، جنوبی افریقہ کے 7،زمبابوے کے 6،نیوزی لینڈ کے 5،آئر لینڈ کے 4،افغانستا ن کے 3،کینیڈا ، سکاٹ لینڈ اور امریکہ کے 2،2جب کہ متحدہ عرب امارات کا 1کھلاڑی ایونٹ میں شرکت کرے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پلاٹینم کیٹگری میں شامل 27 کرکٹرز میں 18 غیرملکی کرکٹرز شامل ہیں جن میں کرس گیل، کیون پیٹرسن، شین واٹسن، ڈوئن براوو، ڈیرن سیمی، آندرے رسل، ڈوئن اسمتھ، تلکارتنے دلشن، لستھ مالنگا، کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے، اینجیلو میتھیوز، بریڈ ہیڈن، ای این بیل، مارلن سیموئلز، بریٹ لی اور شکیب الحسن شامل ہیں۔مصباح الحق اور یونس خان بھی پلاٹینم کیٹگری کا حصہ ہیں۔

سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کو بھی پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور ان کا نام گولڈ کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شریک پانچوں ٹیموں کے کوچز کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کی طرح نیلامی کا طریقہ کار اختیار کرنے کے بجائے ڈرافٹ سسٹم اپنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کھلاڑیوں کو پانچ مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے اور پانچ فرنچائز مالکان ان میں سے اپنی ٹیموں کا انتخاب کریں گے۔

ان پر لازم ہوگا کہ وہ پہلی تین کیٹگریز پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ میں سے تین تین کرکٹرز کا انتخاب کریں۔اسی طرح دو ایمرجنگ ( ابھرتے ہوئے ) کرکٹرز کا انتخاب کرنا ضروری ہوگا اور پھر سلور کیٹگری سے پانچ کرکٹرز لیے جائیں گے۔ہر ٹیم میں کم ازکم چار غیرملکی کرکٹرز رکھنے کی اجازت ہوگی۔