ہمیں حکومت کی جانب سے پاک بھارت سیریز کے لئے اجازت مل گئی ہے ، شہریار خان

بھارتی بورڈ کو اب تک انکی حکومت کی جانب سے کوئی حتمی جواب نہیں ملا اس لئے سیریز کے مستقبل کے حوالے سے مزید 3 سے4 روز انتظار کرسکتے ہیں،صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

جمعرات 10 دسمبر 2015 22:36

ہمیں حکومت کی جانب سے پاک بھارت سیریز کے لئے اجازت مل گئی ہے ، شہریار ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 دسمبر۔2015ء) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ ہمیں حکومت کی جانب سے پاک بھارت سیریز کے لئے اجازت مل گئی ہے تاہم بھارتی بورڈ کو اب تک انکی حکومت کی جانب سے کوئی حتمی جواب نہیں ملا اس لئے سیریز کے مستقبل کے حوالے سے مزید 3 سے4 روز انتظار کرسکتے ہیں۔ لاہور میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پاک بھارت سیریز سے متعلق بی سی سی آئی سے براہ راست مزید رابطہ نہیں کرے گا اوراس کے لئے انگلش بورڈ کے سربراہ اور دونوں ممالک کے درمیان ثالث کا کردار اداکرنے والے جائلز کلارک بھارتی بورڈ سے جواب لے کر دیں گے تاہم بھارتی بورڈ کے تاخیری فیصلے سے مشکلات آئیں گی لیکن ہم انتظامات مکمل کرلیں گے۔

اس سے قبل چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اوران سے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے حتمی جواب کے حوالے سے بات چیت کی۔

(جاری ہے)

شہریار خان نے جائلز کلارک کو کہا کہ پی سی بی اب بھارتی کرکٹ بورڈ سے سیریز سے متعلق کوئی رابطہ نہیں کرے گا، اگرسیریزہونا ہے تو اس میں بہت کم وقت رہ گیا ہے اس لئے بھارتی کرکٹ حکام سے رابطہ کر کے حتمی جواب لے کردیں۔ دوسری جانب جائلز کلارک نے پی سی بی کو مشورہ دیا کہ کوئی فیصلہ کرنے میں جلد بازی نہ کی جائے، امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریزہوگی۔