سیوریج سسٹم سے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے واٹر بورڈ خصوصی اقدامات کر رہا ہے،ایم ڈی واٹر بورڈ

جمعرات 10 دسمبر 2015 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء)سیوریج سسٹم سے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے واٹر بورڈ خصوصی اقدامات کر رہا ہے تاکہ شہرکے کسی بھی علاقہ میں اوور فلو نہ ہو،جبکہ موصولہ شکایات پر فوری اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ،شہریوں سے ملنے والی شکایات پر بھی کارروائی کی جارہی ہے ایم ڈی واٹر بورڈ خود بھی ان درخواستوں پر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر رہے ہیں ،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصبا ح الدین فرید نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سر وسز ،تمام چیف انجینئرز، سپر نٹنڈنگ انجینئرز،ایگزیکٹو انجینئرز (سیوریج) کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ اپنے علاقوں کا روزانہ دورہ کریں اور اسے اپنے معمولات کا حصہ بنائیں اور موصولہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کریں اور اس کی تحریری رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ایم ڈی سیکریٹریٹ کو دی جائے خاص طور پر اوور فلو کی شکایات کا بھی بلا تاخیر ازالہ کیا جائے ، ایم ڈی واٹر بورڈ نے شہر یوں سے واٹر بورڈ کا پانی و سیوریج ٹیکس بل اد ا کر نے اور شکایات کے ساتھ ادا شدہ بل کی کاپی لگا نے کے لئے بھی کہاہے ،کیونکہ شکایات کا ازالہ بلوں کی ادائیگی سے مشروط کر دیا گیا ہے،کسی بھی علاقہ میں اوور فلو کی شکایات پر سخت کاروائی کی جائے گی،ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ اہم شاہراہوں اور اہم علاقوں میں تمام سیوریج لائنوں کی مشینری اور افرادی قوت (کنڈی مین) سے صفائی کاعمل جاری رکھاجائے کیو نکہ عام طور پر مو سم سر ما میں پانی کے کم دباؤ کی وجہ سے کچرا جمع ہوسکتا ہے ،جس کی با قاعدگی سے صفائی ضروری ہے ، شہر کے تمام مقامات سے سیوریج اوورفلو کی شکایات کا ازالہ کیاجائے اور متعلقہ ضلعی میو نسپل کارپوریشن اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرانتظام علاقوں اور نالوں میں سیوریج کی صفائی کے لئے مستقل بنیادوں پر رابطہ بر قرار رکھا جائے ،اسی طرح جہاں بھی گٹر پر ڈھکن نہ ہوں ان کو 3 دن میں لگا دیا جائے ،انہوں نے واٹر بورڈ کے تمام ضلعی چیف انجینئر ز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے متعلقہ زون میں فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں ،پمپنگ اسٹیشنوں،ریزر وائر پر اور واٹر بورڈ کی تنصیبات پر گہری نگاہ رکھیں اور جہاں کہیں بھی فراہمی آب کی لائنوں میں لیکجز ہوں تو وقت ضائع کئے بغیر اس کی فوری مرمت کروائیں اور رساؤ کی جگہ سے کھڑے ہو نے والے پانی کو فوری طور پر صاف کرا دیاجائے ،تاکہ مچھر وں کی افزائش کو روکا جاسکے۔