وزیر اعظم نے مریم نواز کو تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کی نگران مقرر کر دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 11 دسمبر 2015 11:47

وزیر اعظم نے مریم نواز کو تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کی ..

پنج گراں(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔11 دسمبر۔2015ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے مریم نواز کو تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کی نگران مقرر کر دیا ہے یہ بات وزیراعظم کی جانب سے پنجگراں میں تعلیمی اصلاحاتی پروگرام کے تحت سکولوں کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کر دیا ہے ، وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اس موقع پر کمپیوٹر لیب اور لائبریری کا افتتاح کر دیا سکول کی پرنسپل نے اس موقع پر کہا کہ پنجگراں کے سکول کیلئے خاص گرانٹ کا اعلان کر کے آپ نے عوام کے دل جیت لئے ، 23 ستمبر کو مریم نواز شریف نے سکول کا دورہ کیا اور طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی تھی ان کی کوششوں سے سکول کے مسائل بہت تیزی سے حل ہوئے ، اس موقع پر وزیر اعظم نے کالج کو ڈگری کالج بنانے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے سکول کا دورہ کر کے خوشی ہو رہی ہے۔ مجھے خوشی ہوئی کہ سکول میں تعلیمی معیار بہترہو رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے 422 سکولوں کی اپ گریڈیشن میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ سکولوں کیلئے نئی بسیں خریدی جائیں گی تاکہ بچیوں کو سکول آنے جانے میں کوئی مسئلہ نہ ہو ، اس کے علاوہ میٹرو کے روٹ کے ساتھ بسیں چلائی جائیں گی تاکہ انہیں سکول آنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔

وزیر اعظم نے سکول کو ڈگری کالج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پرنسپل کا ریٹائرمنٹ سے قبل سکول کے بچوں کو تحفہ ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ سکول کے بچے ملک میں زندگی کے تمام شعبوں میں اسی طرح نام روشن کریں گے ، تعلیم ہم سب کا حق ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ ملک کا ہر بچہ تعلیم حاصل نہیں کرسکا ، میں نے فیصلہ کیا کہ تعلیمی اصلاحات کا آغاز اسلام آباد کے سکولوں سے شروع کیا جائے تاکہ یہ ملک بھر کے سکولوں اور تمام صوبوں کیلئے مثال بن جائے ، سکولوں میں تمام سہولیات کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنایا جاسکے ، انہوں نے کہا کہ سکولوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ، اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بھرتی میں بھی میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :