قومی ہینڈ بال ٹیم سیف گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرنیکی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے،کوچ سلطان محمود

جمعہ 11 دسمبر 2015 12:19

قومی ہینڈ بال ٹیم سیف گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرنیکی بھر پور صلاحیت رکھتی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 دسمبر۔2015ء)قومی ہینڈبال ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مرزا سلطان محمود نے کہا ہے کہ قومی ہینڈبال ٹیم سیف گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے،انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس ، اسلام آباد میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے 20 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جن میں محمد عزیرعاطف، محمد زبیر، زاہد علی، حضرت حسین، آصف علی، نویدالرحمن، عاصم سعید، شہزاد طارق، عثمان انجم، آصف حیات، محمد نواز، شاہروز، ذاکر حسین، مبین اشرف، محمد شاہد پرویز، رحمت شاہ، خرم شہزاد، عمران خان، طاہر علی اورعاطف علی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑی دو سیشن صبح و شام بھر پور محنت کر رہے ہیں اور ہفتے میں تین دن جم بھی کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے 2010 ء میں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی سیف گیمز میں پہلی بار شرکت کی تھی جس کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور امید ہے کہ قومی ٹیم آئند ہ برس فروری میں بھارت میں کھیلی جانے والی سیف گیمز میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی، انہوں نے مزید کہا کہ کالجز اور یونیورسٹی کی سطح پر ہینڈ بال کے مقابلے زیادہ سے زیادہ منعقد کروائے جائیں جس سے ملک میں ہینڈ بال کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا