بھارت کیخلاف جیت سے زیادہ جنون کام کرتا ہے ،اظہر علی

جمعہ 11 دسمبر 2015 15:09

بھارت کیخلاف جیت سے زیادہ جنون کام کرتا ہے ،اظہر علی

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 دسمبر۔2015ء) پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جیت سے زیادہ جنون کام کرتا ہے اگر پاک بھارت کرکٹ سیریز ہوئی تو روایتی حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ ورلڈ ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم سخت حریف ہونے کی رویت کو برقرار رکھے گی۔لاہور میں ویٹرنز کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہرعلی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کو شکست انجریز کے باعث ہوئی اور کچھ کھلاڑی فارم میں بھی نہیں تھے۔

نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم کو مضبوط بننے میں تھوڑا وقت لگے گا جبکہ جیت کے لیے بیٹنگ اور مشکل وقت میں نپی تلی بالنگ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اظہر علی نے کہا کہ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اچھا نہیں کھیلا مگر بھارت کے خلاف جیت سے زیادہ جنون کام کرتا ہے اور پاک بھارت کرکٹ سیریزہمیشہ سے ہی سنسنی خیز رہی ہے اگر سیریز ہوئی تو شائقین کرکٹ کو اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی میں اچھی کارکردگی دیکھائے گی اور ٹیم کسی صورت ترنوالہ ثابت نہیں ہوگی اورسخت حریف ہونے کی روایت کو برقرار رکھے گی۔اظہر علی نے کہا کہ اگر ٹی ٹونٹی ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملا تو کسی کی بھی کپتانی میں کھیلنے کو تیار ہوں۔واضح رہے اظہر علی کی قیادت میں پاکستان ون ڈے ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں 1-3سے شکست ہوئی تھی جبکہ شاہد آفریدی کی قیادت میں ٹی ٹونٹی ٹیم بھی کو ئی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈ کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والے معاہدے کے تحت بھارت کی ٹیم کو رواں ماہ دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا اور سیریز متحدہ عرب امارات میں ہونا تھی لیکن بھارت کی جانب سے بار بار انکار کے بعد گزشتہ ماہ انگلینڈ کے جائلز کلارک کی ثالثی میں سری لنکا کو میزبانی کے لیے چنا گیا تھا تاہم ابھی تک سیریز کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔