ماہی گیروں کو جیٹیوں سے بیدخل کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں،کسی بھی ماہی گیر کو سمندر کنارے سے کشتیاں اٹھانے کا نہیں کہا، حاجی شفیع جاموٹ

میڈیا کے نمائندوں کو وزٹ کرواکر صورتحال سے آگاہ کیا جائیگا، بلدیاتی الیکشن میں مخالفین نے شکست کے بعد سازشیں شروع کردی ہیں رکن سندھ اسمبلی

جمعہ 11 دسمبر 2015 15:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن سندھ اسمبلی حاجی شفیع جاموٹ نے کہاہے کہ ماہی گیروں کو جیٹیوں سے بیدخل کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، کسی بھی ماہی گیر کو سمندر کنارے سے کشتیاں اٹھانے کا نہیں کہا ہے، جلد ہی میڈیا کے نمائندوں کو وزٹ کرواکر صورتحال سے آگاہ کیا جائیگا، بلدیاتی الیکشن میں مخالفین نے شکست کے بعد سازشیں شروع کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری میں سمندر کنارے قائم 9 سے زائد جیٹیوں سے ماہی گیر آباؤ و اجداد سے مچھلی کے شکار کیلئے سمندر روانا ہوتے ہیں اور واپس آکر کشتیاں کناروں پر کھڑی کرتے ہیں۔ یہ سلسلہ گذشتہ ایک صدی سے زائد عرصہ سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز نام نہاد اور مفاد پرست ٹولے نے اسمگلر اور لینڈ مافیا کے طور پر مشہور شخص داؤد جت کے کہنے پر کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلط بیانی کی، جس میں انہوں نے کہا کہ ابراہیم حیدری کی جیٹیوں سے ماہی گیروں کو بیدخل کر کے ان کی کشتیاں اٹھائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کے رکن سندھ اسمبلی حاجی شفیع محمد جاموٹ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی طرف سے داؤد جت کی قیادت میں مفاد پرست لوگوں مجید موٹانی، یوسف کڈانی اور صدیق پریں کڈانی کو راجونی اتحاد کیخلاف الیکشن میں کھڑا کیا گیا، جس میں انہیں عبرتناک شکست حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے بعد مذکورہ مفاد پرست لوگوں کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے اور وہ راجونی اتحاد کیخلاف بے بنیاد اور من گھڑت خبریں شایع کروارہے ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو ابراہیم حیدری سمندر کنارے پر قائم جیٹیوں کا دورہ کراکر صورتحال سے آگاہ کیا جائیگا۔ ایم پی اے حاجی شفیع محمد جاموٹ نے مزید کہا کہ ابراہیم حیدری کے عوام کی پیپلز پارٹی سے کوئی بھی دشمنی نہیں ہے، لیکن کرپٹ، لالچی، مفاد پرست اور لینڈ مافیا ٹولے سے ان کی جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہی لوگوں کی وجہ سے آج پیپلز پارٹی کی ساکھ جو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت اپنی صفوں میں موجود کرپٹ اور مفادت پرست لوگوں کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے نکال دے گی۔