سرد ہواوں نے کراچی کا رخ کر لیا ،استعمال شدہ گرم ملبوسات کے نرخ میں30سے50 فیصد اضافہ

ڈالر مہنگا ہونے کے سبب اور ٹرانسپوٹیشن چارجز میں اضافے کی وجہ سے اخراجات بڑھ گئے ہیں،دکاندار

جمعہ 11 دسمبر 2015 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 دسمبر۔2015ء) سرد ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 2 روز میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی اور موسم سرد رہے گا۔سردی بڑھتے ہی شہر قائد میں گرم ملبوسات کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے گرم کپڑوں کی خریداری کیلیے لائٹ ہاؤس، صدر اور شہر کے دیگر مقامات کا رخ کرلیاہے۔

استعمال شدہ گرم ملبوسات کے نرخ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرد ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا ہے، محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کراچی میں آئندہ 2روز میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے کراچی میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی اور موسم سرد رہے گا۔

(جاری ہے)

موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی شہریوں نے گرم ملبوسات کی خریداری شروع کردی ہے، زیادہ تر شہری اونی سوئیٹر اور جیکٹ کی خریداری میں مصروف رہے جبکہ موٹرسائیکل سوار مفلر اور دستانے خریدتے دکھائی دیے، لائٹ ہاؤس میں دستیاب استعمال شدہ گرم ملبوسات کے نرخ میں30سے50 فیصد اضافہ دیکھا گیا،دکانداروں کا کہناہے کہ ڈالر مہنگا ہونے کے سبب اور ٹرانسپوٹیشن چارجز میں اضافے کی وجہ سے اخراجات بڑھ گئے ہیں، خریداروں کا کہنا ہے کہ دکاندار وزن کے حساب سے گرم ملبوسات ہول سیل ریٹ پر خریدتے ہیں مگر عوام کو چھانٹنے کے بعد کوالٹی کے حساب سے مہنگے داموں بیچ رہے ہیں۔

جس کی وجہ سے استعمال شدہ گرم ملبوسات بھی اب عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوگئے ہیں، لنڈا بازار میں گرم کپڑوں کے کاروبار سے منسلک دکانداروں کے مطابق کراچی میں ہر سال2سے3ارب روپے کے گرم کپڑے در آمد کیے جاتے ہیں اور ان کپڑوں کی تعداد کروڑوں میں ہوتی ہے جو کہ نہ صرف کراچی اندروں ملک میں بھی دکاندار فروخت کے لیے لے کر جاتے ہیں۔اس وقت کراچی میں مختلف اقسام کے گرم استعمال شدہ ملبوسات مختلف ریٹس پر دستیاب ہیں جس میں لیدر جیکٹس سب زیادہ مہنگی فروخت کی جارہی ہیں جن کی قیمت600 سے لیکر 1000تک ہے ،جینز کی جیکٹ کی قیمت200سے350 روپے ہے،مخلتف اقسام کے گرم کوٹ بھی کوالٹی کے حساب سے 500 سے800 تک کی قیمت میں دستیاب ہیں جبکہ واسکوٹ اور سوئیٹر200سے500تک کے نرخ میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :