خطے میں اسلام تلوار کے زور پر نہیں بلکہ صوفی ازم سے پھیلا ہے،جام خان شورو

مخدوم امین فہیم جمہوریت ، انسان اور اسلام دوست انسان تھے،وزیر بلدیات کا سندھ اسمبلی میں اظہار خیال

جمعہ 11 دسمبر 2015 18:59

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔11 دسمبر۔2015ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ خطے میں اسلام تلوار کے زور پر نہیں بلکہ صوفی ازم سے پھیلا ہے اور اس کی اہم شاخ سروری جماعت ہے ۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر اور سروری جماعت کے سربراہ مخدوم امین فہیم جمہوریت ، انسان اور اسلام دوست انسان تھے اور اس خطے میں جہاں جمہوریت کو پروان چڑھانے میں ان کا کردار ہے وہاں اسلام کو پھیلانے میں بھی ان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم امین فہیم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پیش کردہ قرارداد پر خطاب کررہے تھے۔ جام خان شور و نے کہا کہ مخدوم امین فہیم ایک سیاسی شخصیت کے ساتھ ساتھ وہ شاعر، نقاد اور انسان دوست تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس خطے میں اسلام کو پھیلانے میں صوفی ازم کا کردار اہم رہا ہے کیونکہ اس خطے میں اسلام تلوار کے زور پر نہیں بلکہ صوفی ازم کے باعث پروان چڑھا ہے اور اس میں مخدوم امین فہیم اور ان کی سروری جماعت کا کردار بہت اہم رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم نے اس ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور ان کی اس خدمات کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مخدوم امین فہیم کے فکر و فلسفے اور ان کی اسلام، تعلیم اور ملک میں جمہوریت کے لئے کی جانے والی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مخدوم امین فہیم کے انتقال سے اس ملک میں ایک ایسا سیاسی خلا پیدا ہوچکا ہے، جسے صدیوں تک پر نہیں کیا جاسکتا اور ان کے لاکھوں مریدین اور ان کے اہل خانہ کے لئے یہ ایک ناقابل برداشت نقصان ہے۔