علماء ومشائخ میدان عمل میں آکر نظام مصطفےٰ ﷺ کی تحریک میں کرداراداکریں، اکابرین امت کانفرنس

علماء اور مشائخ بیرونی قوتوں کے آلہء کاروں کی سازشوں کو نام بناتے ہوئے محراب ومنبر سے اتحاد کے لئے آواز بلند کریں

جمعہ 11 دسمبر 2015 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 دسمبر۔2015ء)حضرت امام حسن ابن علیؓ،حضرت داتاگنج بخش شکرؒ، حضرت مجددالف ثانی ؒ ،حضرت پیرمہرعلی شاہ آف گولڑہ شریف، اعلیٰحضرت امام الشاہ احمدرضاخاں فاضل بریلوی، ؒحضرت محمدہاشم ٹھٹویؒ،حضرت پیر سیدمحمدراشدروضے دھنیؒ،حضرت سیدعبدالخالق شاہ قادریؒ،حضرت مفتی محمدعبداﷲ نعیمی شہیدؒاور امام الشاہ احمدنورانی ؒکے ایام مبارکہ کی نسبت سے جامعہ مجددیہ نعیمیہ گلشن نعیمی ملیرکراچی میں جمعیت علماء مجددیہ نعیمیہ کراچی کے زیراہتمام اکابرین امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ شاہ محمداویس نورانی، پیر آغافضل الرحمان مجددی سرہندی، میزبان مفتیء اعظم سندھ صاحبزادہ محمدجان نعیمی، استاذالعلماء قاضی محمداحمدنعیمی، پیر مفتی محمدعبدالعلیم قادری، خطیب اہلسنّت علامہ غلام یاسین گولڑوی، پیرمفتی تاج الدین نعیمی، صاحبزادہ نذیر احمدجان نعیمی،مفتی محمدعثمان محمودنعیمی،صاحبزادہ جنید مجددی ودیگر نے کہاہے کہ پاکستان اور مسلمانوں کودرپیش موجودہ بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے اکابرین امت کے افکاروکردار سے راہنمائی لینا ہو گی۔

(جاری ہے)

بیرونی قوتیں پاکستان میں افراتفری پھیلا کر ہمیں کمزور سے کمزور تر کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ علماء و مشائخ کو چاہیے کہ وہ میدان عمل میں آکر ملک میں نظام مصطفیﷺ کے نفاذ کی کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کرداراداکریں۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان میں ہراول دستہ کا کردار ادا کرنے والوں کومتحد ہو کر اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہو گا۔

علماء اور مشائخ بیرونی قوتوں کے آلہء کاروں کی سازشوں کو نام بناتے ہوئے محراب ومنبر سے اتحاد کے لئے آواز بلند کریں۔انہوں نے مزیدکہا کہ تحریک ختم نبوتﷺ اور تحریک نظام مصطفیﷺ میں علامہ شاہ احمد نورانیؒ کا قائدانہ کردار اسلامیان پاکستان کے لئے فخر کاباعث ہے ،انہوں نے منکرین ختم نبوت کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کروا کر سو سالہ فتنے کو منطقی انجام تک پہنچا دیا۔مقررین نے کہا کہ دینی قوتوں میں انتشار کے خاتمے اور عملی اتحاد کے لئے علامہ شاہ احمد نورانیؒ کے افکار پر عمل کرنا ہو گا، ضرورت اس امر کی ہے کہ انکے پیروکاران امام نورانی ان کی فکر کو اپناتے ہوئے امت میں اتحاد کے لئے قائدانہ کردار ادا کریں۔