کابل میں اسپین کے سفارتخانے کے قریب طالبان کا کار بم حملہ،7 افراد زخمی

حملے کا نشانہ غیرملکیوں کا ایک گیسٹ ہاؤس تھا،طالبان ترجمان

جمعہ 11 دسمبر 2015 23:12

کابل میں اسپین کے سفارتخانے کے قریب طالبان کا کار بم حملہ،7 افراد زخمی

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 دسمبر۔2015ء ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان نے اسپین کے سفارتخانے کے قریب کار بم حملہ کیا ہے اس دوران عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔جمعہ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے کابل میں اسپین کے سفارتخانے کے قریب کار بم دھماکے کی تصدیق کی ہے ۔

حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کے دستے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد تین شدت پسندوں اور سکیورٹی دستوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاع ہے۔ مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ طالبان نے اِس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِس حملے کا نشانہ غیرملکیوں کا ایک گیسٹ ہاؤس تھا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سات زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

حملے کے مقام سے ہسپانوی ایمبیسی صرف سات سو میٹر دور واقع ہے۔ دوسری جانب مقامی میڈیاکا کہنا ہے کہ حملے میں 2افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم اسکی سرکاری ذرائع سے تصدیق نہیں کی گئی ۔اسپین کے سفارتخانے کے ترجمان نے بھی تصدیق کی ہے کہ انکے سفارتخانے کے باہر دھماکہ ہوا ہے ۔واضح رہے کہ چند روز قبل قندھار ائیرفیلڈ پر طالبان کے حملے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی ۔

متعلقہ عنوان :