دہشتگردپھرسرگرم ، کوئٹہ میں دھماکہ ، کراچی اورپشاورمیں فائرنگ، بچے سمیت چھ سیکیورٹی افسران زخمی،ریٹائردمیجر جاں بحق

ہفتہ 12 دسمبر 2015 11:26

کراچی/کوئٹہ/ پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 دسمبر۔2015ء ) کوئٹہ میں جوائنٹ روڈ پر ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ سے چار سیکیورٹی اہلکار بچے سمیت زخمی ہوگئے، جبکہ کراچی اور پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک فوج کے میجر ریٹائرڈ احسن رضا جاں بحق جبکہ ڈی ایس پی شدید زخمی ہوگیا۔کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ پر ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ سے چار سیکیورٹی اہلکاروں سمیت ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

دھماکے کے بعد ریسکیو کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا۔ ایس ایس پی آپریشنل کے مطابق زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کی حالت تشویش ناک ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقہ کو سیل کردیا ۔

(جاری ہے)

بی ڈی ایس حکام کے مطابق دھماکے میں دو سے تین کلو گرام بارودی مواد استعمال کیاگیا تھا جس کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ون میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت پاک فوج کے میجر ریٹائرڈ احسن رضا کے نام سے ہوئی جو ڈیفنس کا ہی رہائشی تھا جب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 حملہ آوروں نے احسن رضا کو ٹارگٹ کیا اور فرار ہو گئے۔ پشاور میں فقیر آباد کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی جانزادہ خان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے ، زخمی حالت میں ڈی ایس پی کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :