رینجرز اختیارات میں توسیع نہ ہوئی تو سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے، چیئرمین تاجر اتحاد

ہفتہ 12 دسمبر 2015 12:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12دسمبر۔2015ء) کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے حکومت سندھ کو دھمکی دی ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ کی گئی تو تاجر برادری سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کرے گی۔ گزشتہ روز کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ ہونے پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز کی وجہ سے کراچی میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری آئی ہے جس سے تاجر برادری نے سکھ کا سانس لیا ہے ۔

رینجرز آپریشن سے پہلے بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان جیسے ڈراؤنے حالات سے تاجر برادری دوچار تھی اور کراچی میں کاروباری حالات میں غیر یقینی صورت حال دیکھی جا رہی تھی تاجروں کی حفاظت کے لئے حکومت نے کوئی اقدامات نہ کئے اور پولیس تاجروں کے لئے سازگار ماحول مہیا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی تھی جس پر رینجرز نے کراچی میں دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری کیا ہے ۔

(جاری ہے)

آپریشن نے نہ صرف ڈکیتی ، چوری ، بھتہ خوری ، قتل و غارت اور اغواء برائے تاوان میں ناقابل یقین کمی ہوئی بلکہ کراچی میں تجارتی نظام میں بحالی ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ تاجر برادری قتل و غارت ،بھتہ خوری اور اغوائے برائے تاوان اور شرپسندوں کو دوبارہ سراٹھانے کی اجازت نہیں دے گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے کراچی کاروبار حب ہے اور اس میں تاجروں کی حفاظت اور سیکورٹی پاکستان کی معیشت میں بہتری کا ضامن ہے ۔

کراچی کا تاجر برادری اور کاروباری حلقہ کے ساتھ ساتھ ہر پرامن شہری رینجرز کا آپریشن جاری رکھنے کا حامی ہے اور ہم حکومت سندھ کو رینجرز کے اختیارات میں فوری توسیع کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اگر رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کی گئی تو تاجر برادری سخت ردعمل کا مظاہرہ کرے گا اور سندھ اسمبلی کا محاصرہ کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :